کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام نے اپنی ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے پر رینج آفیسر سمیت 4ملازمین کو معطل کیا جبکہ کنزر ویٹر نارتھ سرکل نے کہا کہ قومی سرمایہ کا نقصان ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کوئی بھی ملازم ایسے واقعات میں ملوث پائے جائیں گے تو ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔معلوم ہوا ہے کہ ہایہامہ کے منی گاہ علاقہ میں گزشتہ کئی روز سے سر سبز درختو ں کی کٹائی عروج پر تھی جس کے بعد مقامی لوگو ں میں تشویش کی لہر دو ڈ گئی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ منی گاہ ہایہامہ کے کمپارٹمنٹ NH 80,82میں بڑے پیمانے پر سر سبز درختو ں کی کٹائی جاری ہے جس کے بعد شکایت محکمہ جنگلات کے کنزر ویٹر نارتھ سرکل کے دفتر پہنچ گئی جس نے شکایت کا ازالہ کرنے کے لئے تحقیقات شروع کی ۔دوران تحقیقات یہ بات سامنے آئی کہ مذکور ہ کمپارٹمنٹوں میں دیودار کے چھ سر سبز درخت کاٹے گئے جس کی وجہ سے قومی سرمایہ کو بہت نقصان پہنچ چکا ہے ۔کنزرویٹر نارتھ سرکل نے فوری طور متعلقہ رینج آفیسر محمد یاسین خان ،بلاک آفیسر منی گاہ محمد شفیع میر اور دو فارسٹ گارڈوں کو تا حکم ثانی معطل کیا ۔انہو ں نے محکمہ کے دیگر ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور نقصان سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کریں ۔اس حوالہ سے کنزرویٹر نارتھ سرکل عرفان رسول نے اس بات کی تصدیق کی کہ رینج افیسر سمیت 4دیگر ملازمین کو اپنی ڈیو ٹی میں کوتاہی برتنے پر معطل کیاگیا اور ان کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی ۔انہو ں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ چوکنا رہیں اور اپنی ڈیوٹی دینے میں کوئی بھی کو تاہی نہ کریں ۔انہو ں نے کہا کہ قومی سرمایہ کا نقصان ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو کوئی بھی ملزم اپنی ڈیو ٹی میں کوتاہی برتے ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
کپوارہ میں سرسبزدرختوں کی کٹائی
