کپوارہ//ضلع کپوارہ کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہونے کے نتیجے میں کئی سڑکیں آمدورفت کیلئے بند ہوگئی ہیںجبکہ راجواڑ ہندوارہ میں بہنی پورہ سے ڈوگری پورہ جانے والی سڑک ڈہ گئی ہے۔جمعرات کی شام سے پورے ضلع میں زور دار بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جس کی وجہ سے پورے ضلع میں سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔ضلع کے سادھنا ٹاپ پر ایک فٹ ،فرکیاں اور زیڈ گلی مژھل پر 9 انچ برف جمع ہوئی ہے ۔بھاری برف باری کی وجہ سے چوکی بل کرناہ ،میلیال کیرن اور سرکلی مژھل سڑکوں کو گا ڑیو ں کی آ مد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے ۔ ان علاقوں کا زمینی رابطہ ضلع صدر مقام سے کٹ کر رہ گیا ۔اس دوران ضلع کے میدانی علاقوں میں جمعہ کو دن بھر بارشو ں کا سلسلہ جاری رہا اور ٹنگڈار میں ہلکی برف باری ہوئی ۔برف باری کی وجہ سے کرناہ میں فوج کی جانب سے پورٹر بھرتی کو بھی ملتوی کر دیا گیا ۔اس دوران ضلع میں سنیچر کو دوسرے روز بھی موسلا دھار بارشو ں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ڈوگری پورہ راجواڑ سڑک ڈہ جانے سے اس علاقہ کا رابطہ منقطع ہوا ہے ۔علاقہ کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ بہنی پورہ سے ڈوگری پورہ راجواڑ سڑک کو اگرچہ پہلے ہی بارشو ں سے نقصان پہنچ چکا ہے تاہم تازہ بارشو ں کی وجہ سے اس سڑک پر مٹی کے تودے گر آئے جس کے با عث یہ سڑک گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے قابل نہ رہی ۔علاقے کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ سڑک کو نقصان پہنچنے کے نتیجے میں ہزارو ں نفوس پر مشتمل آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔لوگو ں نے الزام لگایا کہ انہو ں نے سڑک کی خستہ حالی کے بارے میں محکمہ آ ر اینڈ بی کو قبل از وقت مطلع کیا تھا لیکن انہو ں نے کوئی توجہ نہیں دی ۔