کولگام+کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ امام الدین اور ضلع کمشنرکولگام بلال محی الدین نے اِن اضلاع میں کورونااسپتالوں کا معائنہ کیا۔ضلع کمشنرکپوارہ نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کپواڑہ کا دورہ کرکے کووِڈ کنٹرول روم اور اور ضلع میں کووِڈ ۔19 کی تازہ لہر سے نمٹنے کے لئے ہسپتال اِنتظامیہ کی طرف سے کئے گئے دیگر اِقدامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہسپتال میں قائم کووِڈ کنٹرول روم کا معائینہ کیا اور کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے گھریلو آئیسولیشن میں رہنے والے کووِڈ مریضوں سے ٹیلی فونِ پر بات چیت کی اور ان کی صحت اور ہسپتال اِنتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے ہسپتال کے دیگر شعبوں بشمول آئی پی ڈی ، او پی ڈی ، ایکسرے اور گائنی کا جائزہ لیا۔ اِس کے علاوہ ڈاکٹروں اور مریضوں کے ساتھ بات چیت کی۔اُنہوں نے کووِڈ مریضوں کی صحت دیکھ بھال کے لئے ہسپتال میں قائم ٹرائیج کا بھی معائینہ کیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے میڈیا اَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے دو ہسپتالوں بشمول ایس ڈی ایچ کپواڑہ اور ڈسٹرکٹ ہسپتال ہندواڑہ میں ٹرئیجز قائم کئے گئے ہیں جس کا مقصد کووِڈ کے مختلف مریضوں کوصحت خدمات فراہم کرنا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے کہا کہ یہ ضلع کووِڈ کنٹرول روم اور بلاک لیول کنٹرول روم کے ذریعے کووِڈ مریضوں کو ان کی دیگر بیماریوں کی جانچ کرنے کے لئے فراہم کی جانے والی باقاعدہ صحت دیکھ بھال اور رہنمائی کے علاوہ ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے ضلع میں قائم مختلف کووِڈ کیئر اور قرنطینہ مراکز کا دورہ کیا اور اِن مراکز میں کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام ، پولی تکنیک اور جی این ایم کالج میں قائم قرنطینہ سینٹروں کا دورہ کیا اوراُنہوں نے وہاں صفائی ، بجلی ، بستر ، گرمائش اور دیگر تمام اِنتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ، ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ جہاں ضرورت ہو وہاں سہولیات میں اِضافہ کویقینی بنایا جائے اور اِن مراکز میں سہولیات میں کوئی کوتاہی نہ ہو ،تاکہ جب بھی ضرورت ہو اَفراد/ مریضوں کے قرنطینہ کے وقت کو آرام دہ بنایا جاسکے۔