کٹھوعہ میں سیکورٹی فورسز کیساتھ تصادم|| 2ملی ٹینٹ ہلاک اکھنور سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، فورسز اہلکار زخمی ، کپوارہ میں اسلحہ بر آمد

 سمیت بھارگو+اشرف چراغ

جموں+کپوارہ//فوج کے خصوصی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس نے کٹھوعہ ضلع میں ایک آپریشن میں 2 ملی ٹینٹوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور فوج نے بدھ کی صبح ادھم پور کے کھندورا جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔پولیس کے مطابق جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کردی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔پولیس نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں2 سے تین ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔

 

مذکورہ علاقے سے دو ملی ٹینٹوں کی لاشیں بر آمد کرلی گئی ہیں اور ابھی تلاشی کارروائی جاری ہے۔فوج کی جانب سے آپریشن کے بارے میں ایکس پر اپنے پیغام میں کہاکہ رائزنگ اسٹار کور کے دستوں کے ذریعہ کھنڈارا کٹھوعہ میں جاری آپریشن میں دو ملی ٹینٹوں کو بے اثر کر دیا گیا۔ آپریشنز جاری ہیں۔ادھرجموں کے اکھنور سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک بی ایس ایف اہلکار زخمی ہوا۔ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جموں کے اکھنور سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بدھ کی علی الصبح 2 بجکر 35 منٹ پر سرحد پار سے بلا اشتعال فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بی ایس ایف جوانوں نے اس فائرنگ کا بھر پور جواب دیا۔ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں بی ایس ایف کا ایک جوان زخمی ہوا۔موصوف ترجمان نے کہا کہ واقعے کے بعد جوان الرٹ پر ہیں۔ادھرجموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں تلاشی آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود برآمد کیا گیا۔مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر، کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں ہندوستانی فوج اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ نشاندہی شدہ علاقے میں تلاشی کے نتیجے میں اسلحہ گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ایک بہت بڑا ذخیرہ برآمد ہوا ، جس میں اے کے 47 رائونڈز، ہینڈ گرینیڈز، آر پی جی رائونڈز، دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کے لیے مواد اور دیگر جنگی اسٹورزشامل ہیں۔