ڈوڈہ//کٹھوعہ میں آٹھ سالہ معصوم بچی اور اس کے وارثین کو انصاف اور اس کی عصمت دری اور بیہمانہ قتل میں ملوث مجرموں کوعبرت ناک سزا دینے کے مطالبے کو لے آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن ضلعی یونٹ ڈوڈہ کی طرف سے بدھ کی شام شیلندر پریہار کی قیادت میں ایک کینڈل مارچ کا اہتمام کیا گیا اور ڈوڈہ کے پرانے بس اسٹینڈ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر شلیندر پریہار اور دیگر مظاہرین طلباء نے کٹھوعہ ، اتر پردیش اور گجرات میں پیش آئے عصمت دری اور قتل کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔اْنہوں نے مطالبہ کیا کہ اس قسم کے واقعات میں ملوث لوگوں کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے اور ان مقدمات کی سماعت روزانہ بنیادوں پر خصوصی عدالتوں میں ہونی چاہیے تاکہ مظلوموں کو جلد از جلد انصاف مل سکے اور مجرمین اپنے انجام تک پہنچیں۔ شلندر پریہار نے کہا کہ ایسے واقعات کو فرقہ وارانہ نگاہ سے دیکھنا تنگ نظری،تعصب اور ذہنی پسماندگی کی علامت اور انتہائی گندی سوچ ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ظلم بہر حال ظلم ہے اور ہم سب کو تمام وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مظلوم کا ساتھ دینا ہے چاہیے اور واقعات سے سیاسی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کرنا انتہائی شرمناک ہے۔