عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ڈیزل سے چلنے والی مال بردار ٹرین نے اتوار کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ سے پنجاب کے ہوشیار پور ضلع کے ایک گائوں تک بغیر ڈرائیور کے 70 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صبح 7.25 سے صبح 9 بجے کے درمیان پیش آنے والے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ پتھروں سے لدی 53 ویگن ٹرین جموں سے پنجاب جا رہی تھی۔شمالی ریلوے کے ایک ترجمان نے ابتدائی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرین جموں کے کٹھوعہ ریلوے اسٹیشن پر ڈرائیور کی تبدیلی کے لیے رکی تھی اور ایسا لگتا ہے کہ یہ جموں-جالندھر سیکشن پر ایک ڈھلوان ٹریک کی وجہ سے آگے بڑھی۔حکام نے بتایا کہ دونوں ڈرائیور لوکو پائلٹ اور اسسٹنٹ لوکو پائلٹ مال بردار ٹرین میں سوار نہیں تھے۔انہوں نے بتایا کہ ٹرین نے راستے میں رفتار پکڑی، آخر کار پنجاب میں اونچی بسی ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک کھڑی گراڈینٹ پر آ کر رک گئی۔جموں کے ڈویژنل ٹریفک مینیجر پرتیک سریواستو نے بتایا کہ “واقعہ کی صحیح وجہ جاننے کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر، ایسا لگتا ہے کہ ٹرین نے ڈرائیور اور اس کے اسسٹنٹ کے بغیر پنجاب کی طرف ڈھلوان کی وجہ سے ٹریک پر چلنا شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹرین 70 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرنے کے بعد اونچی بسی کے قریب کھڑی میلان کی وجہ سے رک گئی۔حکام نے بتایا کہ ریت کے تھیلوں کی مدد سے ٹرین کو کامیابی سے روکا گیا۔