عظمیٰ نیوزسروس
گاندربل//وزیر اعلی عمر عبداللہ نے بدھ کو کہا کہ انہوں نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ حالیہ ملاقات میںاُن کے ساتھ کٹھوعہ اور سوپور واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے یہاں وسطی کشمیر کے بیہامہ میں آگ سے متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعدنامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کے ساتھ ان کی ملاقات اچھی رہی۔انکاکہناتھا’’متعدد مسائل بشمول کٹھوعہ اور سوپور واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہم نے دونوں کیسوںکی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا‘‘۔انہوںنے مزید کہا’’ہم نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی اور جموں و کشمیر اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا‘‘۔اس سے قبل وزیر اعلی نے آگ سے متاثرہ خاندان سے ملنے کے لیے بیہمامہ گاندربل کا دورہ کیا، جو تین دن قبل خوفناک آگ میں اپنا گھر کھو بیٹھے تھے۔عمر عبداللہ نے متاثرہ خاندان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور انہیں ان کے گھر کی تعمیر نو اور ضروری مدد فراہم کرنے میں حکومت کے تعاون کا یقین دلایا۔وزیراعلیٰ نے مقامی حکام کو امدادی اقدامات تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔