اننت ناگ // ہلر کوکرناگ میں مشتبہ جنگجوئوں نے پولیس کے ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔یہ واقعہ ہلر بھئی کوکر ناگ میں رات کے قریب 9 بجے پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق نا معلوم جنگجوئوں نے منظور احمد ڈار ولد محمد اکرم ڈار ساکن ہلر بھئی کوکر ناگ کو گھر کے نزدیک گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔ اسے فوری طور پر ضلع اسپتال اننت ناگ منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کردم توڑ بیٹھا۔ ضلع اسپتال میں ڈاکٹروں نے اسکی تصدیق کی۔ پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منظور احمد لارنو کوکر ناگ پولیس سٹیشن میں منشی کے فرایض انجام دیتا تھا اور اتوار کو ہی چھٹی پر گھر آیا تھا۔اسکے اہل خانہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منطور احمد کو گھر کے باہر جنگجوئوں نے جاں بحق کیا ۔ اسکے تین بچے ہیں۔پولیس نے واقعہ کے فوراً بعد ہلر بھئی کا محاصرہ کیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ہے۔اس ضمن میں کیس درج کر کے ملوثین کے بارے میں سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔