عارف بلوچ+فیاض بخاری+ارشاد احمد
اننت ناگ +بارہمولہ +بڈگام//سیکورٹی فورسز نے کوکر ناگ،بارہمولہ اور بڈگام میں حزب المجاہدین کے دیرینہ ملی ٹینٹ سمیت 2جنگجو اور 3معاونین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔پولیس کے مطابق جمعرات کی شام اندرون ساگم کوکر ناگ میں پولیس،19آر آر اور164سی آر پی ایف نے مشترکہ کارروائی کے دوران حزب کے ایک دیرینہ ملی ٹینٹ کو گرفتار کیا۔محمد اسحاق شیر گوجری ولد غلام نبی ساکن نوگام ویری ناگ حال دیالگام اننت ناگ کو گرفتار کیا۔محمد اسحاق15ستمبر 2017 سے سرگرم تھا۔ادھرپولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس، فوج کی 46 آر آر، سی آر پی ایف کی 53 بٹالین اور ایس ایس بی کی2 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے بارہمولہ میں ہل ٹاپ چھردری میں حسب معمول ناکہ لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ چیکنگ کے دوران سیکورٹی فورسز نے دو افراد کو مشکوک حالت میں ان کی طرف آتے ہوئے دیکھا۔ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی ان دو افراد نے جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی فورسز نے مستعدی کا مظاہرہ کرکے دونوں کو دھر لیا۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدگان نے اپنی شناخت عاشق حسین لون ولد غلام نبی لون ساکن حیدر محلہ اوشکربارہمولہ اور عزیز امین گنائی ولد محمد امین گنائی ساکن کنٹھ باغ بارہمولہ کے طور پر ظاہر کی۔بیان کے مطابق تلاشی کے دوران عاشق حسین کی تحویل سے ایک پستول، ایک پستول میگزین، نو ایم ایم پستول کی آٹھ گولیاں، دو ایچ ای 36 گرینیڈ جبکہ عزیر امین کی تحویل سے دو یو بی جی ایل گرینیڈ بر آمد کئے گئے ۔ادھر انصارغزوۃ الہند کے دو ملی ٹینٹ ساتھیوں کوبڈگام سے گرفتار کیا گیا۔پولیس نے کہا، “ممنوعہ تنظیم کا مجرمانہ مواد، ایک ہینڈ گرنیڈ اور اے کے راؤنڈ ان کے قبضے سے برآمد کیے گئے ہیں‘‘۔یہ کارروائی پولیس نے 62 آر آر اور 43 بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ جمعہ کو وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے ہورو علاقے میں انجام دی گئی۔پولیس کے ترجمان نے ملزمان کی شناخت امیر منظور بڈو ولد منظور احمد بڈو ساکن ڈنگر پورہ رازوین اور شاہد رسول گنائی ولد غلام رسول گنائی ساکنہ پترمولا صفا پورہ گاندربل کے طور پر کی ہے۔ایف آئی آر نمبر/2022 134 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں مقدمہ درج کیا گیا ۔
کوکر ناگ، بارہمولہ اور بڈگام ،2 سرگرم ملی ٹینٹ اور 3معاونین گرفتار
