محمد بشارت
کوٹرنکہ //بدھل کے مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کوٹ دھڑہ سے پیڑی رابطہ سڑک پر انتہائی غیر معیاری تار کول بچھائی جارہی ہے ۔انہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایک دہائی بعد رابطہ سڑک پر تار کول بچھانے کا عمل شروع کیاگیا لیکن محکمہ کی نا اہلی اور ملازمین کی ملی بھگت کی وجہ سے سڑک پر انتہائی غیر معیاری کام کیاجارہا ہے ۔علاقہ مکینوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سڑک پر بغیر صفائی ستھرائی کے دھول اور مٹی پر ہی تار کول بچھائی جارہی ہے جو کہ کچھ ہی عرصہ میں اکھڑ سکتی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے پیسے کا انتہائی غلطاستعمال کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی عرصہ تک انتظار کرنے کے بعد بھی محکمہ کی جانب سے سہولیت فراہم کرنے کے بجائے چونا لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ذاتی طورپر سڑک کا معائینہ کر کے بہتر کام کی ہدایت جاری کریں ۔