محمد بشارت
کوٹرنکہ //آزادی کے 75 سال کی یاد میں’ آزادی کا امرت مہااتسو‘ مناتے ہوئے، محکمہ صحت کی جانب سے کوٹرنکہ میں میگا ہیلتھ میلے کا اہتمام کیاگیا ۔تقریب کا انعقاد ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سلیم الرحمن کی ہدایت پر کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی قیادت میں منعقدہ میلے میں ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ سب ڈویژن انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران ،محکمہ صحت کے ڈاکٹروں و آفیسران کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر پولیس کے اراکین نے بھی شرکت کی ۔اس دوران محکمہ صحت کی جانب سے آیوشمان بھارت صحت گولڈن کارڈ ایک ٹیم کے ذریعہ موقع پر جاری کئے گئے۔ بہت سے ماہر ڈاکٹروں بشمول فزیشن، آئی سپیشلسٹ، گائنی سپیشلسٹ، ڈینٹل سپیشلسٹ وغیرہ نے لوگوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کیں۔ اس دوران مریضوں کے مختلف نوعیت کے ٹیسٹ بھی کروائے گئے ۔اس کے علاوہ عوام کو حکومت کی مختلف صحت اسکیموں جیسے ABHA ڈیجیٹل ہیلتھ آئی ڈی، ٹیلی میڈیسن کی سہولیات، صحت کارڈ وغیرہ کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔