سرینگر//آزادی کا امرت مہا اتسو کی جاری ملک گیر تقریبات کے ایک حصے کے طور پر کشمیر زون پولیس نے پولیس کنٹرول روم کشمیر میں کووڈ-19 وبائی مرض پر بھارت کا ردعمل کے موضوع پر ایک روزہ سینار کا انعقاد کیا۔اس موقع پر آئی جی پی کشمیر وجے کمار مہمان خصوصی تھے۔ اس موقعہ پرڈی آئی جی وسطی کشمیر سوجیت کمار، ایس ایس پی سرینگر راکیش بلوال، ایس ایس پی پی سی آر کشمیر زبیر احمدکے علاوہ تین رکنی جیوری ممبرانپروفیسر عبدالمنان، ڈاکٹر خالد پرویز اور ایس ایس پی سجاد خالق بھی موجود تھے۔کشمیر یونیورسٹی اور کالجوں جیسے امر سنگھ کالج، مولانا عبدالاحد آزاد میموریل کالج بمنہ، گورنمنٹ زنانہ کالج نوا کدل، ایس پی کالج سرینگر، گاندھی میموریل کالج سرینگر، گورنمنٹ زنانہ کالج ایم اے روڈ کے طلباء نے مذکورہ سمینار میں شرکت کی۔شرکاء نے پورے کشمیر میں وبائی صورتحال پر قابو پانے میں پولیس، ڈاکٹروں، سول انتظامیہ اور کشمیری عوام کے تعاون سے کئے گئے کام کی تعریف کی۔انہوں نے انسداد کووڈ کے اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کی قربانیوں کو بھی سراہا۔انہوں نے محکمہ صحت وپولیس کو صف اول کے جنگجو بھی قرار دیا۔آئی جی پی کشمیر نے اپنے خطاب میں اس موضوع پر اپنی رائے دینے میں حصہ لینے والے طلباء کی کوششوں کو سراہا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلباء کو بھی نصیحت کی کہ وہ اپنے کیرئیر پر توجہ مرکوز رکھیں اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ہمیشہ ایسے ایونٹس میں حصہ لیں۔یرزق بلال (امرسنگھ کالج)نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ تمنا رحمانزنانہ کالج ایم اے روڈ نے دوسری اور البیزا (ایس پی کالج)نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہیں بالترتیب 6000، 4000، اور 3000کے نقد انعامات کے ساتھ ٹرافی اور اسناد سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ جج صاحبان کو بھی یادگاری نشانات سے نوازا گیا اور تمام شرکاء کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔مذکورہ تقریب کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں جذبہ حب الوطنی کو ابھارنا تھا۔ آخر میں ڈی آئی جی وسطی کشمیر نے تمام جیوری ممبران، شرکا اور کمیٹی ممبران کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ جے کے این ایس
کووڈ19پر ہندوستان کا ردعمل
