شوپیان//سابق اخوانی، جو بعد میں فوجی بن گیا، کو بعد از مرگ بھارت کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز’اشوک چکرا‘سے نوازا گیا ہے۔ لانس نائیک نذیر احمد وانی ساکن چک اشموجی کولگام25 نومبر کو بٹہ گنڈ کاپرن شوپیان میںایک معرکہ آرائی میںہلاک ہوا تھا، اس جھڑپ میں سرکردہ جنگجو کمانڈرعمر مجیدگنائی، محمد وسیم وگے،خالد فاروق، مشتاق احمد میر اور محمد عباس بٹ سمیت 6جنگجو جاں بحق ہوئے تھے۔ نذیر احمد وانی نامی فوجی اہلکار پہلے ایک جنگجو تھا جو بعد میں سرکارنواز بندوق بردار بنا جس کے بعد 2004میں وہ 162بٹالین یٹوریل آرمی میں بھرتی ہوا۔حکام کے مطابق وانی جنوبی کشمیر میں متعدد عسکریت مخالف آپریشنوں میں شامل تھا۔اشوک چکرا، بھارت کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ہے جواْن فورسز اہلکاروں کو دیا جاتا ہے جو ڈیوٹی کے دوران جان سے ہاتھ دھوبیٹھیں۔ نذیر احمد وانی کو اس سے قبل، عسکریت پسندوں کے ساتھ لڑنے کے اعتراف میں 2007میں سینا میڈل سے بھی نوازا گیا تھا۔