کولگام // زنگل پورہ کولگام کا زخمی پی ڈی پی ورکر صورہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔65سالہ محمد جمال ولد محمد اسمائیل کو اتوار کی شام دیر گئے نقاب پوش مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند گولیوں کا نشانہ بنایا اور اسکے جسم میں 5گولیاں پیوست ہوئیں۔اسے شدید زخمی حالت میں پہلے ضلع اسپتال کولگام لایا گیا اور اسکے بعد نازک حالت میں صورہ منتقل کردیا گیا۔جہاں پیر کو اسکی موت واقع ہوئی۔ادھرپی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے واقعہ پر اپنے انتہائی دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اور دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ’’سیاسی عناد کی بنیاد پر غیر مسلح شہری کی ہلاکت صرف اور صرف دہشت گردانہ کارروائی ہے‘‘۔ پی ڈی پی صدر نے بتایا کہ ماہ صیام کے مقدس مہینے میں غیر مسلح شہریوں پر تشدد روا رکھنا انتہائی ذلیل حرکت اور کمینے پن کا عکاس ہے۔اس موقعے پر پی ڈی پی صدر نے مرحوم کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرنے کیساتھ ساتھ مرحوم کے ابدی سکون کے لیے دعا کی۔