کولگام // جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں مشتبہ جنگجوؤں کی طرف سے پولیس پر گرینیڈ پھینکنے سے 3 عام شہری زخمی ہوئے۔حملے کے بعد جنگجوئوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی۔کولگام کے دمہال ہانجی پورہ تحصیل ہیڈکوارٹرمیں بدھ کے روز مشتبہ جنگجوؤں نے پولیس کی ایک ناکہ پارٹی پر گرینیڈ پھینکا ۔تاہم گرینیڈ نشانہ چوک کرزور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور اسکے آہنی ریزوں کی زد میں آکر3 عام شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری علاج ومعالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔تاہم ڈاکٹروں کے مطابق شہریوں کو معمولی زخم لگے تھے۔زخمیوں کی شناخت ایاز احمد بٹ ساکن اشموجی کولگام، سبزار احمد حجام ساکن نندی مرگ، بلال احمدکھٹانہ بنگھی واڑ کے بی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔دھماکے کے باعث قصبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے،تاہم پولیس نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی جوابی کارروائی نہیں کی۔ بعد میں پولیس نے زخمیوں کو مقامی اسپتال پہنچایا، جہاں انکا علاج و معالجہ کیا گیا۔واقعہ کے بعد کئی مقامات پر تلاشیاں لی گئیں تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
کولگام میں گرینیڈ حملہ، 3 عام شہری زخمی
