کولگام میں مغوی لڑکی بازیاب،ملزم گرفتار

  کولگام//کولگام پولیس نے ایک مغوی لڑکی کو بازیاب کرکے اغواکار کوگرفتار کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ 15دسمبر کو پولیس اسٹیشن دیوسر کوایک شکایت موصول ہوئی جس میں ایک لڑکی کواشتیاق احمد وگے ولدعبدلاحدوگے کے ہاتھوں اغوا کرنے کی شکایت کی گئی ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آرنمبر 127/2020متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔پوچھ تاچھ کے دوران پولیس کی ایک خاص ٹیم تشکیل دی گئی جس کی نگرانی ایس ڈی پی او،کولگام کو سونپی گئی اورخاص سراغوں کی بنا پر مغوی لڑکی کو بازیاب کرکے اغواکار کو گرفتار کیاگیا۔اُسے پولیس اسٹیشن دیوسرمیں حوالات میں بندرکھا گیا۔طبی جانچ کے بعد لڑکی کواُس کے قانونی ورثاء کے سپرد کیاگیااور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔مقامی لوگوں نے پولیس نے اس کارروائی کی سراہنا کی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے بھی ایک بیان میں سماج کے اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کرکے سماج میں جرائم کا قلع قمع کرنے میں اپنارول اداکریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ سماج میں جرائم سے متعلق جانکاری پولیس کو دے سکتے ہیں ۔پولیس نے یہ یقین بھی دلایا ہے کہ وہ سماج میں جرائم کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کیلئے کارروائیاں جاری رکھے گا۔