سرینگر/پولیس نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا کہ کولگام پولیس نے سرکاری راشن کے 200بیگ برآمد کرکے ضبط کئے ہیں۔
بیان کے مطابق کولگام پولیس نے جے کے بینک دمہال ہانجی پورہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران ٹرک سے صارفین کیلئے مخصوص سرکاری راشن کے 200بیگ برآمد ہوئے۔
پولیس نے موقع پر ہی ٹرک ڈرائیور ، محمد شفیع شیخ ولد بشیر احمد شیخ ساکنہ نندون اوڑی ،کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ڈرائیور سے جب آفیسران نے پوچھ تاچھ کی تواس غیر قانونی کاروبار میں ملوث اور ایک شخص، شاہد احمد بنگرو ولد عبدالحمید بنگرو ساکنہ مرجان پورہ عید گاہ کا نام سامنے آیا۔
چنانچہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو بھی حراست میں لے لیا ۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گرفتار شدگان امور صارفین وعوامی تقسیم کاری محکمہ میں تعینات چند ملازمین کے ساتھ مل کر اس غیر قانونی کام کو انجام دے رہے تھے۔ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ افراد رعایتی نرخوں والے چاول کو نئی بوریوں میں پیک کرکے مشہور رائس برانڈس کے طورپر بازار میں مہنگے داموں فروخت کیا کرتے تھے۔