عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ملی ٹنسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارورائی تیز کرتے ہوئے کولگام میں پولیس نے ملی ٹنٹوں کی پناہ گاہوں اور قیام کیلئے استعمال ہونے والی جائیدار منسلک کردی ۔ انسداد ملی ٹنسی کیلئے ایک اہم اقدام میںکولگام پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 (یو اے پی اے) کی دفعہ 25 کے تحت ایک جائیداد ‘مکمل طور پر تباہ شدہ (دو منزلہ رہائشی مکان)کو ضبط کر لیا ہے، جسے ملی ٹنٹ اپنی پناہ گاہوں اور قیام کے لیے استعمال کرتے رہے تھے ۔ پولیس نے کہا کہ یہ جائیداد صفدر علی ڈار ولد علی محمد ڈار ساکن موڈرگام، کولگام (سروے نمبر 214 من) کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔پولیس اسٹیشن کولگام نے اس کی منسلکی کیس ایف آئی آر نمبر 100/2024سے منسلک ہے اور اسے قانونی پروٹوکول کی مکمل تعمیل کو یقینی بناتے ہوئے ایک باقاعدہ تشکیل شدہ پولیس ٹیم اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں جائیداد سرکاری قبضے میں لی گئی ہے۔پولیس نے اس جگہ پر ایک سائن بورڈ نصب کیا ہے جس پر لکھا ہے :’عوام الناس کو یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ موڈرگام کولگام کے صفدر علی ڈار کے نام پر رجسٹرڈ سروے نمبر 214 خسرہ نمبر 360 کے تحت زمین پر تعمیر شدہ مکمل طور پر تباہ شدہ رہائشی مکان کو 25 یو اے پی ایکٹ 1967 کے تحت منجمد یا ضبط کر لیا گیا ہے ‘۔ذرائع کے مطابق یہ مکان 6 جولائی 2024 کو ایک انکائونٹر کے دوران تباہ ہوا تھا اور اس میں ایک پیرا کمانڈر اور دو ملی ٹنٹ مارے گئے تھے ۔