کولگام میں المناک حادثہ | 2کم سن لقمۂ اجل | ڈمپر ڈرائیور جائے وقو عہ سے فرار

عظمیٰ نیوز سروس

کولگام //جموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں اتوار کو مبینہ طور پر ایک ڈمپر کی زد میں آکر دو کمسن بچوں کی موت ہو گئی۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ دمحال ہانجی پورہ کے قریب صبح 8بجکر 55منٹ پر پیش آیا، جب ایک تیز رفتار ڈمپر نے مبینہ طور پر دو بچوں کو ٹکر مار دی، جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے۔دونوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈی ایچ پورہ لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔مہلوکین کی شناخت 12 سالہ منتہا اعجازدختر اعجاز احمد وانی ساکن ڈی ایچ پورہ اور 3 سالہ اماں اعجاز ولد اعجاز احمد ساکن یارو کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کے ساتھ ڈرائیور جرم کرنے کے بعد فرار ہو گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے چھاپے مارے ہیں۔ دریں اثنا، پولیس نے حادثے کا نوٹس لے لیا اور ایف آئی آ درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔