کورگ گاندربل اورسوپور میں آگ

گاندربل+سوپور//گاندربل کے شیر پتھری سے ملحقہ کورگ گاندربل میں شبانہ آتشزدگی کی ایک واردات میں رہائشی مکان ،ٹین شیڈ اور گھاس کی سینکڑوں گچھیاں خاکستر ہوگئیںجبکہسوپور کے بادام باغ علاقے میں آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔کورگ گاندربل میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو 2 بجکر 10 منٹ پر ظہور احمد وانی ولد عبدالاحد کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئیجو تیزی سے پھیل گئی۔آگ کی واردات میں پڑوسی غلام محمد بٹ ولد عبدالسلام کے ٹین شیڈ اور گھاس کی گچھیوں میں بھی آگ لگ گئی۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی جن کی دو فائر ٹینڈر بٹہ وینہ سے پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی تاہم آگ کی اس واردات میں رہائشی مکان اور اس میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے۔ ادھر مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ گاندربل سے متاثرین کی بازآبادکاری کا مطالبہ کیا۔ادھر  شمالی قصبہ سوپور کے بادام باغ علاقے میں آگ لگنے سے ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب غلام نبی متو کے رہائشی مکان میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔دریں اثناء اہلکاروں نے بتایا کہ حادثے میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ہوا اور آس پاس کے دو دیگر مکانات کو آگ لگنے سے جزوی نقصان پہنچا جبکہ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے۔