کورٹ کمپلیکس جموں میں میگا عطیہ خون کیمپ منعقد

جموں//کورٹ کمپلیکس جانی پور جموں میں گذشتہ روز غیر سرکاری تنظیم گلوبل پیس آرگنائزیشننے ینگ لائرز ایسو سی ایشن جموںوکشمیر کے اشتراک سے میگا بیداری اور عطیہ خون کیمپ کا اہتمام کیا جس میں رضاکارانہ طور 62وکلاء اور کورٹ عملہ کے کچھ ملازمین نے عطیہ خون پیش کیا۔ وطن ِ عزیز بھارت کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سردار بھگت سنگھ، شیوا رام راج گورو اور سکھ دیو تھاپر کو خراج ِ عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ اِس کیمپ کا افتتاح جموں وکشمیر ہائی کورٹ جج جسٹس تاشی ربستان نے کیا جنہوں نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل ڈی سی رینہ اور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن جموں کے صدر سنیئر ایڈووکیٹ ایم کے بھاردواج مہمانان ِ ذی وقار تھے۔ اس موقع پر شہدا ء کو گلہائے عقیدت پیش کیاگیا۔ جسٹس تاشی ربستان نے کورٹ میں اپنی نوعیت کے پہلے ایسے کیمپ کا انعقاد کرنے پر نوجوان وکلاء اور گلوبل پیس آرگنائزیشن کے رضاکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت کی خدمت کا یہ جذبہ قابل ِ رشک ہے۔ انہوں نے اُمیدظاہر کی کہ ایسے پروگرام آئندہ بھی منعقد کئے جاتے رہیں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل ڈی سی رینہ اور بار ایسو سی ایشن صدر ایم کے بھاردواج نے بھی ڈونرز کی حوصلہ افزائی کی اور منتظمین کی تعریف کی۔ نظامت کے فرائض ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ اور ینگ لائرز ایسو سی ایشن جنرل سیکریٹری یاسر فاروق خان نے انجام دیئے جبکہ شکریہ تحریک گلوبل پیس آرگنائزیشن چیئرمین ایڈووکیٹ شیخ الطاف حسین نے ادا کی۔ کیمپ میں 62رضاکاروں نے خون کا عطیہ پیش کیا۔