سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کی روک تھام کیلئے جاری جدوجہد میں عوامی تعاون اور اشتراک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وبائی بیماری کا مقابلہ صر ف اور صرف عوام پر منحصر ہے کیونکہ گھروں میں بیٹھ کر اور سماجی دوری بنانے سے ہی اس جان لیوا زنجیر کو توڑا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت ،انتظامیہ اور دیگر معتبر اداروں کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے سے ہی اس وبائی بیماری سے بچا جاسکتا ہے اور اس مرحلے پر احتیاطی تدابیر سے ہی کورونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ اگرچہ ہمیں سماجی دوری بنائے رکھنی ہے تاہم ہمیں سماجی ذمہ داریوں کی طرف بھی خصوصی توجہ دینی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جس طرح سے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران صاحب ثروت شخصیات، فلاحی اداروں، سیاسی ،سماجی و مذہبی تنظیموں اور نوجوانوں نے رضاکارانہ طور پر مفلسوں، حاجت مندوں اور مستحق افراد کی مدد و اعانت کی، وہ قابل سراہنا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اللہ کے دربار میں نہایت ہی عاجزی اور انکساری کیساتھ سربسجود ہوکر اس مہلک اور وبائی بیماری سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتما م کرے ۔