سرینگر//پیر کی صبح سرینگر کے سی ڈی اسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کا ایک75سالہ مریض چل بسا۔اس طرح جموں کشمیر میں کورونا سے مرنے والے افراد کی تعداد14ہوگئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ مذکورہ مریض جنوبی ضلع اننت ناگ میں ہلر ککر ناگ کا رہنے والا تھا۔مذکورہ مریض کا پہلا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے بعد سی ڈی اسپتال میں اُس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا ۔بعدازاں مذکورہ مریض کو کچھ طبی عمل کیلئے صدر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُس کا ایک اور ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا۔اُسے پھر سی ڈی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں آج اُس کی موت واقع ہوگئی۔
سی ڈی اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے مذکورہ شخص کے موت کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ مریض نمونیا میں مبتلاءتھا اورگذشتہ آٹھ روز سے وینٹی لیٹر پر تھا۔
ابھی تک وادی کشمیر میں کورونا میں ملوث12جبکہ جموں صوبے میں ایسے 2مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔وادی میں مرنے والوں میں5کا تعلق سرینگر،3کا تعلق بارہمولہ،2کا تعلق اننت ناگ جبکہ ایک ایک کا تعلق بانڈی پورہ اور بڈگام اضلاع سے تھا۔