سرینگر//ضلع انتظامیہ بڈگام نے پیر کے روز وسطی کشمیر کے ضلع میں دفعہ144کا نفاذ عمل میں لایا۔یہ اقدام کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ضلع کمشنر بڈگام کی طرف ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مہلک وائرس سے پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی تشویشناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
آرڈر میں بتایا گیا ہے ضلع کے اندر کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے اضافی اقدامات کئے گئے ہیں۔آرڈر میں درج ہے کہ ضلع میں کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے دفعہ144نافذ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی شام سات بجے سے صبح سات بجے تک لوگوں اور گاڑیوںکی نقل و حمل پر مکمل پابندی عاید کی گئی ہے ۔آرڈر کے مطابق لوگوں کو صرف شدید مجبوری کے تحت ہی کہیں جانے کی اجازت دی جائے گی۔ آرڈر میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔