سرینگر//کرونا وائرس کے پھیلائو کے نتیجہ میں بھارت سرکار کی طرف سے اس بیماری کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ2005کے تحت ایک آفت قراردینے کے تناظر میں ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری جو کہ ڈی ڈی ایم اے سرینگر کے چیرمین بھی ہیں نے اپنے تفویض شدہ اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے مختلف محکموں،اداروں اورعام شہریوں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں تاکہ اس جا ن لیوا اورمہلک بیماری سے محفوظ رہا جاسکے۔ان ہدایات کے تحت سرینگر میںتمام سکول ،کالج،یونیورسٹیاں ،کوچنگ سینٹر اوردیگر تعلیمی ادارے،بشمول پرائیوٹ سکول اگلےاحکامات تک بند رہیںگے۔محکموں اور اداروں کے سربراہان ٹیلی وائزڈ کوچنگ کے لئے 20مارچ تک تجویز پیش کریں گے جس کے لئے ضلع انتظامیہ سرینگر مالی اوردیگر تعائون فراہم کرے گی۔جبکہ ہوٹل اور کنٹین بھی اگلی ہدایات تک بند رہیں گے اور باغات اورپارکوں میں بھی سیر وتفریح نہیںہوگی۔ہدایات نامے میں مزید کہا گیاہے کہ کوئی بھی ریسٹورنٹ،سٹریٹ فوڈ دکانیں،سڑکوںپر کھانے پینے کی سہولیات،کیمونٹی کچن،فوڈ سروسز کے لئے ہوم ڈیلوری وغیرہ جیسی خدمات بھی ضلع سرینگر میں اگلے احکامات تک معطل رہیں گی۔ضلع مجسٹریٹ نے اپنے حکمنامے میںکہا ہے کہ ٹور اوپریٹرس اورٹریول ایجنسیوں پر لازم ہوگا کہ وہ بین الاقوامی اورقومی سطح کی صدفیصد بُکنگ کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں۔جبکہ ناظم سیاحت ان معلومات کو نوڈل آفیسران کے ذریعے حاصل کریں گے۔پبلک ٹرانسپورٹ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس پر مسلسل نگاہ رکھی جائے گی اورمحکمہ ٹریفک اور ٹریفک پولیس اس سلسلے میں اقدامات کرے گی۔ضلع مجسٹریٹ نے ہدایات میں کہا ہے کہ اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لائیسنس منسوخ کئے جائیں گے اور گاڑیوں کے پرمٹ بھی منسوخ کئے جائیں گے۔ڈائریکٹر سکمز ،پرنسپل میڈیکل کالج،ڈائریکٹر ہیلتھ کشمیر اور چیف میڈیکل آفیسر سرینگر کی مانگ پر ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک،جنہیںنوڈل آفیسر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے کورنٹائین سینٹروں میں ضرورت کے مطابق اشیأ خوردنی اوردیگر اشیأ کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔ہدایات کے مطابق 31مارچ تک کسی بھی عوامی مقام پر کوئی عوامی یا مذہبی اجتماع منعقد نہیں ہوگا۔ادھر ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز نے وائرس کی روک تھام سے متعلق لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے کے لئے ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میںلائی ہے۔ویسٹ منیجمنٹ کے بارے میںہدایات میںکہا گیا ہے کہ ایس ایم سی ،ہسپتال اور دیگر متعلقین صفائی ستھرائی کے لئے سائینسی بنیادوں کے تحت اقدامات کریں گے ۔ضلع سرینگر میں لوگوں کو وائر س کی روک تھام سے متعلق جانکاری کے لئے ڈی ڈی ایم اے کی طرف سے دن رات کام کرنے والے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے وائرس کے خطرات سے نمٹنے کیلئے دیگر ہدایات بھی جاری کی ہیں۔