کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں حد متارکہ پر واقع کرناہ میں اُن 6افراد کو بارہمولہ منتقل کیا گیا ہے جنہیں کورونا کے مشتبہ مریض قرار دیتے ہوئے قرنطین کیا گیا ہے۔کورنا وائرس کے پھیلا ئو کو روکنے کیلئے ضلع انتظامیہ کپوارہ نے بھی ایسے افراد کی نشاندہی کی ہے جو متاثرہ افراد کے رابطے میں آئے ہیں ۔کرناہ کے ایسے 6افراد بھی ان میں شامل ہیں جو کورنا وائرس سے متاثرہ شخص کے رابطے میں آئے تھے ۔مذکورہ افراد کو انتظامیہ نے ڈاک بنگلہ کرناہ اور ڈاک بنگلہ نیچین میں قائم خصوصی مراکز میں قرنطین کیا تاہم پیر کو انہیں بارہمولہ کے جے ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا جہا ں ان سے نمونے حاصل کرکے اُن کے ضروری ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔کرناہ سے منتقل کئے گئے ان افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ سب ضلع اسپتال کپوارہ میں اُن کے ساتھ رات بھربہتر برتائو نہیں کیا گیا اور اُنہیں بھوک اور پیاس کی حالت میں ہی منگل کو بارہ مولہ منتقل کیا گیا ۔اس حوالہ سے چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ ڈاکٹر کوثر امین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ کرناہ سے منتقل کئے گئے 6افراد کا الزام جھوٹ پر مبنی ہے کیونکہ جب انہیں کپوارہ اسپتال لایا گیا تو انہیں لازمی ضروریات فراہم کی گئیں ور ان کے کھانے کا بھی بندوبست کیا گیا ۔