کنگن میں اے سی بی کی کارروائی

گاندبل//انسداد رشوت ستانی ایجنسی(ACB) نے خاتون سرپنچ حلقہ اندرون کنگن کو اپنے خاوند سمیت رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔دونوں میاں بیوی نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ادائیگی کی رہائی کے لیے 9000 روپے رشوت طلب کیا تھا۔اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ حسن جان، سرپنچ حلقہ اندرون کنگن پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ادائیگی  کے لیے 9000رشوت طلب کر رہی ہیں ،جسے شکایت کنندہ ادا نہیں کرنا چاہتا۔ تاہم، ملزم کو رشوت کی رقم ادا کرنے سے پہلے، شکایت کنندہ نے ملزم کے خلاف قانون کے تحت قانونی کارروائی کرنے کے لیے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا۔شکایت موصول ہونے پر مقدمہ ایف آئی آر نمبر 13/2022 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔تفتیش کے دوران، ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھا کر سرپنچ اوراس کے شوہر لیاقت علی کو شکایت کنندہ سے 9000 روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔دونوں کو گرفتار کرکے آزاد گواہوں کی موجودگی میں ان کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔