بارہمولہ//کنڈی بارہمولہ میں پچھلے کئی ماہ سے بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگ ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ڈی ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کنڈی بارہمولہ کے چندوسہ ،فقیر آباد ،سلطان پورہ اور دیگر کئی دیہات محکمہ بجلی سے نالاں ہیں کیونکہ ان علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی مسلسل جاری ہے۔ ایک مقامی شہری غلام حسن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اب جبکہ ماہ رمضان کا مہینہ بھی شروع ہوگیا ہے لیکن بجلی سپلائی کی بہتری کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔انہو ں نے کہا ہے کہ چندوسہ بارہمولہ کے رسیونگ اسٹیشن کابجلی ٹرانسفارمر جو 6.5MVA تھاپچھلے سال خراب ہوگیا لیکن محکمہ نے اس کے بدلے 3.5MVA نصب کیا ہے جو علاقے کیلئے کافی نہیں جس سے وولٹیج بھی کم ہوگئی ہے ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور بجلی سپلائی میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کئے جائیںتاکہ انہیں مقدس مہینے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔