رام بن //موجودہ حکومت پر حالات سے نمٹنے میں پوری طرح ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے نیشنل کانفرنس ضلع صدر رام بن نے آج کہا کہ حالات ایک بار پھر 90کی دہائی کی طرف لوٹ رہے ہیں اور فورسز نے لوگوں کی مارکاٹ، اندھا دھند گرفتاریوں اور ظلم و استبداد کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ پارٹی کارکنان کے اکھڑال میں منعقدہ ایکروزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سجاد شاہین نے کہا کہ لوگوں کی زبان کو بند رکھنے کے لئے پبلک سیفٹی ایکٹ کا بے تحاشہ استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار سے 21سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے بیشتر عام شہری تھے۔ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ مضروب ہیں جب کہ درجنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اس طرح کشمیر میں جنگ کے حالات پیدا کر دئیے گئے ہین۔ سجاد شاہین نے الزام لگایا کہ موجود ہ سرکار نے انسانی حقوق پامالیوں کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے ، قوم کے نونہالوں کو اندھا کیا جا رہا ہے ، جیل خانے بھر دئیے گئے ہیں، پیلٹ مرچی بم اور دوسرے حربے استعمال کر کے لوگوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے ۔ این سی ضلع صدر نے کہا کہ حالات وزیر اعلیٰ کے قابو سے پوری طرح باہر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے اچھی گورنینس کے نام پر ووٹ حاصل کئے تھے لیکن بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملا کر نوجوانوں کو مایوسی کے بھنور میں ڈبو دیا۔ اس موقعہ پر کئی نوجوانوں نے این سی میں شمولیت اختیار کر لی جن میں محمد یوسف کٹوچ، عبدالغنی، عبدالصادق ، انیل سنگھ، جاوید احمد رونیال، سوہن سنگھ، محمد حنیف ، کرپال سنگھ، شیراز کٹوچ، تنویر رونیال ، عبدالغفار کٹوچ ، عبدالسلام بالی، ناظم احمد چندیل وغیرہ شامل ہیں۔