کشمیر کی شناخت پر سمجھوتہ کبھی نہیں کیا : محبوب بیگ

 سرینگر//سینئر پی ڈی پی لیڈر اورسابق رکن پارلیمانڈاکٹر محبوب بیگ نے ورکروں پر زور دیا ہے کہ وہ پارٹی کو مضبوط بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا ایک تاریخی پس منظر ہے جس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو قابل اعتبار اور قابل اعتماد آواز دی ہے۔ڈاکٹر بیگ نے کہاکہ پی ڈی پی کا ایجنڈا واضح ہے اور کبھی بھی کشمیر کی شناخت کو محفوظ رکھنے میں سمجھوتہ نہیں کیا۔  ڈاکٹر بیگ نے کہا ہے کہ پی ڈی پی نے ایجنڈا آف الائنس لکھنے کیلئے اپنا سب کچھ دائو پر لگایا اور کوئی بھی شخص جو اس دستاویز کا جائزہ لے گا، وہ یہ دیکھ سکے گا کہ اس میں لوگوں کے مفادات ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کا اپوزیشن لیڈر کی حیثیت پر کبھی بھی شک نہیں ہوا ہے تاہم انہوں نے سرکار سنبھال کر قابلیت کا لوہا منوایا۔ ڈاکٹر بیگ نے مزید کہا کہ بھارت کی طاقتور سرکار کو ہزاروں کشمیریوں پر چلائے جارہے کیسوں کو واپس لینے پر مجبور کردیا گیا جبکہ نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کو یکطرفہ جنگبندی پر بھی راضی کیا گیااور اگر اُس وقت محبوبہ مفتی نے سمجھوتہ کیا ہوتا تو آج ریاست کی وزیراعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہوتی۔انہوں نے کہاکہ  محبوبہ مفتی کا استعفی دینے کے بعد ریاست میں تشویشناک صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی سرکار کی کشمیر پالیسی کیا ہے اور یہ محبوبہ مفتی اور پی ڈی پی ہی ہے جنہوں نے نہ صرف انہیں ایسا کرنے سے روکا بلکہ لوگوں کے مفاد میں فیصلے لینے پر مجبور کیا۔انہو ںنے کہا کہ پی ڈی پی نے مرکزی سرکار پر یہ واضح کیا  کہ مذاکرات کے سوا کوئی بھی دوسرا راستہ نہیں ہے اور مذاکرات میں حریت اور پاکستان کی شرکت بھی ضروری ہے۔