کشمیر کی خود کی فلم انڈسٹری ہونی چاہیے

سرینگر//بالی ووڈ  سپر سٹار عامر خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی خوبصورتی جیسے لوگ بھی خوبصورت ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے دنیا میں کشمیر جیسی جگہ اور لوگ کہیں نہیں دیکھے ہیں ۔خان نے کشمیر میں خود کی فلم انڈسٹری کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں اپنی فلم انڈسٹری ہونی چاہیے۔ ’جموںوکشمیرنئی فلم پالیسی 2021‘کومتعارف کرنے کوسراہتے ہوئے عامر خان نے کہاکہ جتنی خوبصورتی کشمیر میں ہے، اُتنے ہی خوبصورت یہاں کے لوگ بھی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جو پالیسی بنائی ہے، اس سے بالی وڈ انڈسٹری کو ایک بار پھر یہاں آنے اور کشمیر کی خوبصورت مقامات میں عکس بندی کرنے کاموقع ملے گا۔ عامر خان نے کہاکہ نہ صرف ملک بھر بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو کشمیر میں مزا لینے کے مواقع ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہاںکے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو کہ ایک بہت بڑی بات ہے۔ انہوںنے کہا کہ ’میں تو ایک دن چاہوں گا کہ ہم کشمیری فلمیں دیکھیں جیسے ہم اور زبانوں میںفلمیں دیکھتے ہیں اوریہاں کی انڈسٹری خود کی ہو، فلم انڈسٹری کشمیر کی ہو اور جو نیشنل فلم انڈسٹری میں اپنا حصہ ادا کرے جیسے باقی انڈسٹری کرتی ہیں‘‘۔