عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور پارلیمنٹ ممبرانجینئر رشید نے پی ڈی پی اور این سی پر بی جے پی کے پراکسی ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کی طرف سے عوام کو فریب دینا نیشنل کانفرنس سے کہیں زیادہ تھا کیونکہ پی ڈی پی نے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی کو جموں و کشمیر میں پہنچایا۔انجینئر ہفتہ کو دیوسر حلقہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ ریلی کا انعقاد عوامی اتحاد پارٹی کے امیدوار برائے حلقہ انتخاب دیوسرڈاکٹر سہیل احمد بٹ نے کیا تھا۔ اس موقع پر پارٹی لیڈر محمد رمضان اور دیگر سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔ انجینئر رشید نے کہا کہ نیا کشمیر ظلم و تشدد ، مصائب ، یو اے پی اے تھا اوراب وزیر اعظم نریندر مودی کویہ احساس ہو گیا ہوگا کہ ان کا نعرہ ’نیا کشمیر‘ سودمند ثابت نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی تباہی کیلئے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی ذمہ دار ہے۔