نیوز ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر میں جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا کیونکہ اونچائی پر برف باری ہوئی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلمرگ میں صبح تک 24 گھنٹوں میں 19 سینٹی میٹر اور پہلگام میں 1 سینٹی میٹر برف باری ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ میدانی علاقوں میں بارش ہوئی اور اس مدت کے دوران سرینگر میں 2.8 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 9.8 ملی میٹر، کپواڑہ میں 11.3 ملی میٹر کوکرناگ 7 ملی میٹر، جموں میں 1.8 ملی میٹر، بانہال میں 24.5 ملی میٹر، کٹرہ میں 1.8 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 15.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ انہوں نے کہا، سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں گزشتہ رات منفی ، کوکرناگ میںمنفی 2.8 ، گلمرگ میں منفی 3.0 اور کپواڑہ قصبے میں، پارہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا۔محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی بارش/برفباری اور 14 جنوری سے بنیادی طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے 14سے 18جنوری تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 19اور 20جنوری کو ایک اور مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں برفباری اور بارشیں ہو سکتی ہے ۔ پیر پنچال کے آر پار خراب موسمی صورتحال کے بعد جمعرات کی صبح سے بارشوں اوربرفباری کا سلسلہ تھم گیا۔ اگرچہ دن بھر بیشتر اوقات موسم ابر آلود رہا اور ٹھنڈی ہوائیںجاری رہیں،تاہم کہیں سے بھی بارشوںیا برفباری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔
سرینگر جموں شاہراہ کھلی رہی
محمد تسکین
بانہال // رام بن اور بانہال کے میدانی علاقوں میں بدھ کے روز سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد جمعرات کی صبح سے مطلع ابر آلود رہا اور دوپہر بعد ہلکی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری تھا ۔جواہر ٹنل کے آرپار سڑک سے برف کو صاف کیا گیا ہے اور سڑک پر کھاد اور نمک کا چھڑکا بھی کیا گیا ہے تاکہ سڑک پر پھسلن پیدا نہ ہوسکے۔ اس دوران بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت جمعرات کی صبح سے معمول کے مطابق جاری رہی ۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ جمعرات کو مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف سے اپنی منزلوں کا رخ کیا جبکہ مال بردار ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف چلنے کی اجازت تھی۔