سری نگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں سردیوں کا زور برابر جاری ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں دو اور تین جنوری کو موسم خراب رہ سکتا ہے اور بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں چار سے چھ جنوری تک بالائی علاقوں میں بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برف باری سے ہوائی و زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتا ہے۔
ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی15.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں منفی12.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم سے درجہ حرارت منفی16.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا وادی میں ہفتے کے روز یعنی چلہ کلان کے بارہویں روز بھی موسم خشک مگر زیادہ تر ابر آلود رہا۔
قابل ذکر ہے کہ سردیوں کا بادشاہ ’چلہ کلان‘ اتوار اور پیر کی درمیانی شب یعنی اکیس دسمبر سے اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب وتاب کے ساتھ جلوہ افروز ہوگیا۔
چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر31 جنوری کو اختتام پذیر ہوتا ہے۔