کشمیر میں جاری قتل عام کے خلاف لبریشن فرنٹ کے اہتمام سے پاکستان، برطانیہ، یورپ اور امریکہ میں احتجاجی ریلیاں

سرینگر//لبریشن فرنٹ کی کئی زونل اکائیوں نیز سفارتی بیورو کے اہتمام سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، پاکستان، امریکہ، یورپ اور برطانیہ وغیرہ میں کئی احتجاجی پروگرام منعقد ہوئے ہیں۔یہ احتجاجی پروگرام کشمیر میں ہورہے بھارتی جبر اور قتل و غارت گری کے خلاف منعقد ہوئے ۔ فرنٹ کے سینئر وائس چیئرمین عبدالحمید بٹ اور ساجد صدیقی نے میر پور میں احتجاجی پروگرام منعقد کئے جبکہ راولپنڈی کے پریس کلب پر بھی ایک احتجاجی ریلی منعقد کی گئی جس میںفرنٹ کے نائب چیئرمین محمد سلیم ہارون کے علاوہ منظور حسین چستی، شکیل چوہدری،سردار انور ایڈوکیٹ،خورشید مرزا،سلیم بٹ،محمد افضل بیگ، مظہر کاظمی،سرادر جمشید،سردار تنویر عزیز،نصرت قریشی اور دوسرے لوگوں نے شرکت کی اور بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کی۔کوٹلی میں ریلی کی قیادت زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کی۔ فرانس میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر فرنٹ اراکین و قائدین نے احتجاجی دھرنا دیا جس میں سپریم کونسل ممبر مزمل عادل اور صدر فرانس برانچ مشاتق احمد پاشا نے کی۔اسی سلسلے میں فرنٹ کا سفارتی مشن برطانیہ زون کے اشتراک سے 9؍ اپریل کو بھارتی ہائی کمیشن واقع لندن برطانیہ پر بھی ایک احتجاجی دھرنا دے رہا ہے۔ بلجیم میں قائم بھارتی ہائی کمیشن کے باہر بھی ایسا ہی ایک احتجاج 12؍ اپریل کے روز منعقد کیا جائے گا ۔ لبریشن فرنٹ یورپ و امریکہ اس حوالے سے مذید کئی شہروں اور مقامات پر احتجاجی پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اوران احتجاجی پروگراموں کا مقصد کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر اور قتل وغارت کے خلاف آواز بلند کرنا اور مظلوموں کے تئیں یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔