سرینگر// (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے قریب ایک ہفتے کے دوران رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مغربی ہوائیں داخل ہونے کے باعث وادی میں گرج چمک کے ساتھ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران رک رک کر بارشیں ہونے کی توقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم کی یہی صورتحال 22 جون تک جاری رہ سکتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے ۔موصوف ترجمان نے لوگوں سے بجلی چمکنے کی صورت میں گھروں سے باہر نکلنے سے احتیاط کرنے کی تاکید کی ہے ۔انہوں نے باغ مالکان سے کہا ہے کہ وہ ان دنوں کے دوران باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کریں۔ادھر تازہ بارشوں کے باعث وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت15.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے دوجہ حرارت سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت12.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت13.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔