اسلام آباد //وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو فون کر کے کشمیر کے معاملے پر بات چیت کی۔عمران خان نے سماجی رابطہ گای ٹویٹر پراپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے ٹیلی فونک گفتگو میں کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں کا معاملہ اٹھایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔خیال رہے کہ دو روز قبل بھی عمران خان نے سوشل میڈیا پر کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں معصوم کشمیریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ صرف مذاکرات کے ذریعے ہی مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے۔وزیراعظم کا اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔دریں اثناء پاکستانی وزارت خارجہ ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت طاقت کے زور سے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا اور مطالبہ کیا کہ بھارت بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں جاری مظالم کی تحقیقات کی اجازت دے۔ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور ان خلاف ورزیوں کے ذریعے وہ دنیا کی توجہ کشمیر میں جاری مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح ہے اور اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھایا جارہا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔