سرینگر/مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے سنیچر کو کہا کہ کشمیر مسئلہ عنقریب حل کیا جائے گا اور اس مسئلے کے حتمی حل کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے۔
کٹھوعہ ضلع میں ایک پل کی افتتاح کرنے کے بعد راجناتھ سنگھ نے کہا''میں یہ ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ کشمیر مسئلہ عنقریب حل ہوگا۔ مجھے آپکے (لوگوں کے) سپورٹ کا یقین ہے''۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اُنہوں نے کئی بار اُن لوگوں کو بات چیت کی دعوت دی جن کا دعویٰ ہے کہ وہ حل کیلئے محو جد و جہد ہیں۔
راجناتھ نے کہا''لیکن وہ سامنے نہیں آئے ۔ اُنہوں نے اپنے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے باہری ملکوں میں بھیجا اور وہ دوسروں کے 12اور14سالہ بچوں کو سنگباری پر اکسارہے ہیں۔''
انہوں نے مزید کہا'' اُن کے ذہن میں کیسی آزادی ہے؟کیا وہ ایسی آزادی چاہتے ہیں جیسی پاکستان میں ہے۔میں آپ کو (علیحدگی پسندوں کو) بتانا چاہتا ہوں کہ آپ بات کرو یا نا کرو، کشمیر مسئلہ عنقریب حل کیا جائے گا''۔
راجناتھ سنگھ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ متحد رہ کر اپنے اور ملک کیلئے کام کریں۔
انہوں نے کہا''آپ کو کئی مواقع میسر ہیں۔آپ دفاعی افواج میں بھی شامل ہوسکتے ہو۔آپ کھیل میں آگے بڑھ سکتے ہو۔جموں کشمیر کے عوام کو مواقع کی کمی نہیں ہے''۔