محمد تسکین
بانہال // کشمیر عظمیٰ ملٹی میڈیا شعبہ سے وابستہ صحافی شبیر احمد وانی کی جواں سال ہمشیرہ اچانک انتقال کر گئی ہیں۔وہ تقریباً 27برس کی تھی۔ ضلع رام بن کی صحافی برادری نے شبیر احمد وانی ( سنگلدان ) کی جواں سال ہمشیرہ کی اچانک رحلت پر رنج و غم اور اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ بانہال ، کھڑی ، رامسو ، رام بن ، گول ، سنگلدان اور بٹوٹ میں کام کرنے والے صحافیوں نے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ہے۔شبیر وانی کی27 سالہ جواں سال بہن کی شادی چند سال پہلے ٹھٹھاڑ بانہال میں وانی خاندان میں ہوئی تھی۔ قریب 26 روز قبل اسکے ہاں دوسرا بچہ( بیٹی )پیدا ہوئی تھی۔بیٹی پیدا ہونے کے بعدوہ اپنے شوہر کے ہمراہ اپنے مائیکے سنگلدان گئی تھیں اور جمعہ کی صبح سر میں چکر آنے کی شکایت کے بعد انہیں اپنی والدہ اور شوہر نے سنگلدان ہسپتال پہنچایا۔ قریبی رشتہ داروں نے بتایا کہ ہسپتال میں طبی امداد وغیرہ فراہم کرنے کے بعد مرحومہ کی حالت مستحکم ہوگئی تھی تاہم نماز جمعہ کے موقعہ پر اسکی سانسیں رک گئیں۔اسکی اچانک موت نے سنگلدان اور ٹھٹھاڑ بانہال میں لوگوں اور جاننے والوں کو مغموم کر دیا ہے۔خالق حقیقی سے ملنے کے بعد مرحومہ کی میت کو تجہیز وتکفین کیلئے جمعہ کی شام سنگلدان سے اپنے گھر واقع ٹھٹھاڑ بانہال لایا گیا ، جہاں رات دیر گئے پرنم آنکھوں اور سوگوار فضا میں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ان کے جنازے میںکشمیر عظمیٰ کے جملہ اراکین بشمول ایگزیکٹو ایڈیٹر ریاض ملک ، و امتیاز احمد خان کے علاوہ دیگر میڈیا انجمنوں اور اداروں سے وابستہ اراکین اور دیگر سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔