کشمیر صوبے میں 73ویں یوم جمہوریہ تقریبات کاانعقاد

 سرینگر//کشمیر صوبے میں 73ویں یوم جمہوریہ کو جوش وجذبے کے ساتھ منانے کے لئے مختلف اَضلاع اورضلع صدر مقامات میں شاندار تقریبات کااِنعقاد کیا گیا ۔جن میں اہم سیاسی اورسماجی شخصیات کے علاوہ معروف شہریوں ،بزرگوں ،تاجروں،فنکاروں اورطلبا وطالبات کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔اننت ناگ میں ڈگری کالج بوائز کھنہ بل میں یوم جمہوریہ کی تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جہاں چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل اننت ناگ محمد یوسف گورسی نے قومی پرچم لہرایا ،پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔سی آر پی ایف ،جموںوکشمیر پولیس ، آئی آر پی ، این سی سی اور 108بی این کے دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم قائدین ، مجاہدین آزادی اور شہداءکو زبردست خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے ملک کی آزادی کے لئے بے شمار قربانیاں دیں۔اُنہوں نے اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی اعلیٰ کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں۔بارہمولہ میں اِس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ ملک تمام محاذوں پر ترقی کر رہا ہے اور بارہمولہ ضلع بھی اِس سے مستثنیٰ نہیں ہے ۔ چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بارہمولہ سفینہ بیگ نے کہا کہ ضلع آج ایک ایسپریشنل ضلع اور ملک میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے ولاے ضلع کے طور پر پہنچانا جاتا ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام شعبوں میں اَپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کو ضلع کی ترقی میں شامل کیا جائے ۔انہوںنے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں 73 ویں یوم جمہوریہ کی تقریب 2022ءکے موقعہ پر کیا جہاں انہوں نے قومی پرچم لہرانے کے علاوہ پریڈکا معائنہ کیا او رمارچ پاسٹ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ جموںوکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈز ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طلباءکے دستے نے پیش کیا۔چیئرپرسن نے ضلع کی طرف سے شعبہ وار حصولیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ضلع نے سڑک رابطے کے حوالے سے ایک قابل ذکر کامیابی کا مظاہرہ کیا اور عوام کی آسانی کے لئے نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔ڈی آئی جی نارتھ کشمیر ادے بھاسکر بھلہ ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بارہمولہ محمد یوسف وانی ، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار ، ایس ایس پی بارہمولہ ، رئیس محمد بٹ ، ڈی ڈی سی ممبران ، چیئرپرسن بی ڈی سی ، ایم سی صدور ، سربراہان کے علاوہ لوگوں اور طلباءکے ایک بہت بڑے اِجتماع نے ان کی بھرپور شرکت کا مشاہدہ کیا۔بڈگام میں ڈی ڈی سی چیئرمین بڈگام نذیر احمد خان نے بطور مہمان خصوصی قومی پرچم لہرایا اور سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈز، این سی سی کیڈٹس کے علاوہ تعلیمی اِداروں کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ پریڈ میں حصہ لیا۔اِس موقع پر ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم خان ، اے ڈی ڈی سی بڈگام ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک ، اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد لون ، اے ایس پی گوہر احمد ، جی ایم ڈی آئی سی ڈاکٹر محمد اشرف ، ضلعی اَفسران اور فوج ، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے اَفسران بھی موجو دتھے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نذیر احمد خان نے اَپنے خطاب میں عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارک باد پیش کی اور ہندوستانی آئین کا مسودہ تیار کرنے پر قائدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔یوم جمہوریہ کی تقریبات بھی ضلع بڈگام میں سب ڈویڑنل، بلاک اور تحصیل سطح پر منعقد کی گئیں۔گاندربل میںضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن گاندربل نزہت اشفاق نے قمریہ گراﺅنڈ گاندربل میں مارچ پاسٹ پر سلامی لی اور قومی پرچم لہرایا ۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے گاندربل کے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اَپنے خطاب میں یوم جمہوریہ کی تقریب کی اہمیت کی تعریف کی اور 73ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر فلاحی سکیموں کی عمل آوری کے علاوہ ضلع میں مختلف شعبوں میں ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے درج کی گئی مختلف ترقیاتی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔اس کے علاوہ مختلف محکموں کے تحت کئی دیگر منصوبوں پر بھی کام زور و شور سے جاری ہے جن میں پل، ہیلتھ سینٹرز اور بس اڈہ شامل ہیں جو 12 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرکئے گئے ہیں۔پلوامہ میںڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل پلوامہ سیّد عبدالباری نے قومی پرچم لہرایا او رسی آر پی ایف ، جے کے پی ، جے کے پی خواتین وِنگ، کمانڈو پالاٹو ، جے کے اے پی ، فائر اینڈ ایمرجنسی ، ہوم گارڈ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس دستہ اور بینڈ سکارڈ کے دستوں پر مشتمل پریڈ کی سلامی لی۔ اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پلوامہ ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز، ایس پی پلوامہ غلام جیلانی کے علاوہ تمام ضلعی سول، پولیس افسران، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی ممبران، پی آر آئی ممبران اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ اپنے خطاب میں چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ کے ہر شہری کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ کے ذریعہ شروع کئے گئے گڈ گورننس انڈکس کے تحت ضلع کو کشمیر ڈویڑن میں نمبر 1 ضلع کے طور پر درجہ دیا گیا ہے۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے ضلع کے ترقیاتی منظر نامے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ضلع کیپیکس بجٹ میں 407.82 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جو 2020-21 کے ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ سے تین گنا زیادہ ہے۔کولگام میںچیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل محمد افضل پرے نے پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف،جے کے پی، جے کے پی لیڈیز پولیس گروپ، ہوم گارڈ، تازہ بھرتی ہونے والے، این سی سی کیڈٹس وغیرہ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن شازیہ جان، ڈی ڈی سی ممبران، ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ایس ایس پی ڈاکٹر جی وی سندیپ، بی ڈی سی، صدر میونسپل کونسل، کمانڈنٹ سی آر پی ایف 18ویں بٹالین کے علاوہ سول اور پولیس انتظامیہ کے افسران اور لوگوں نے پروگرام میں شرکت کی۔چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کے موقعہ پر عوام کو مبارکباد دی اور اس دن کی اہمیت اور تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔اِنچارج پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کولگام سوم لال نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کولگام میں قومی پرچم لہرایا جہاں ضلع کولگام کے تمام جوڈیشل افسران ،سٹاف ممبران اور ضلع کے بار ممبران موجود تھے۔کپوارہ میںمرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل عرفان سلطان پنڈت پوری نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، ہوم گارڈز ، ایف پی ایف اور پولیس بینڈ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب میں وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر؛ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کپواڑہ تسلیم عارف، ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ امام الدین، ضلع انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران بشمول ایس ایس پی کپواڑہ یوگل منہاس،اے ڈی ڈی سی الطاف احمد خان، اے ڈی سی کپواڑہ غلام نبی بٹ، ضلعی افسران، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرپرسنوں اور پی آر آئی کے علاوہ عوام الناس اور میڈیا اَفراد نے شرکت کی۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے کہا کہ یہ آئین کی عظیم اقدار کی وجہ سے دور دراز کے ضلع کپواڑہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین درجے پنچایتی راج نظام نے پورے ضلع میں ترقی کی پہل کی ہے۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے ضلع کے ترقیاتی منظر نامے پر روشنی ڈالی اور پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کیپکس بجٹ گذشتہ سال کے 255.59 کروڑ روپے سے 3 گنا بڑھا کر رواں مالی سال کے لئے 782.9 کروڑ روپے کیاگیا ہے جس کے مقابلے میں 16656 لاکھ روپے اب تک خرچ کئے جا چکے ہیں اور رواں سال کے ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کے تحت 2226 کاموں کی منظوری دی گئی ہے۔ہندواڑہ میں یوم جمہوریہ کی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں بھی منعقد کی گئی جہاں صدر میونسپل کمیٹی ہندواڑہ مسرور احمد بانڈے نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور جے کے پی ، جے کے اے پی ، بی ایس ایف، سی آر پی ایف ، آئی آرپی اور پولیس بینڈ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر ایس پی ہندواڑہ سندیپ گپتا، سول انتظامیہ، محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔بعد میں ثقافتی پروگرام اور ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوئی۔کرناہ میں سرحدی علاقے ٹنگڈار میں بھی یوم جمہوریہ منایا گیا جہاں ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے قومی پرچم لہرایا۔ ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے گئے۔اس دوران پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کپواڑہ تسلیم عارف نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کپواڑہ میں قومی پرچم لہرایا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (پی او) فاسٹ ٹریک کورٹ کپواڑہ، چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ہندواڑہ، سب جج کپواڑہ، سیکرٹری ڈی ایل ایس اے کپواڑہ، سپیشل موبائل مجسٹریٹ تریہگام، منصف کپواڑہ، منصف ہنڈواڑہ، منصف سوگام، منصف کرالپورہ نے شرکت کی۔
 

چیف جسٹس نے جموں ہائی کورٹ میں ترنگا لہرایا

جموں//جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جموں ونگ میں ہندوستان کا 73 واں یوم جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس پنکج متھل نے 73ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر جانی پورجموں کورٹ کمپلیکس میں ترنگا لہرایا۔چیف جسٹس نے جسٹس تاشی ربستان، جسٹس سندھو شرما، جسٹس ونود چٹرجی کول، جسٹس سنجے دھر، جسٹس پونیت گپتا، جسٹس جاوید اقبال وانی اور جسٹس موہن لال کی موجودگی میں مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر ایڈوکیٹ جنرل ڈی سی رینہ ، سیکریٹری قانون اچل سیٹھی ، رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ سنجیو گپتا، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکریٹری راجیو گپتا ، ڈائریکٹر سٹیٹ جوڈیشل اکیڈیمی سنجے پریہار، رجسٹرار ویجی لینس شہزاد عظیم ، بھارت کے ایڈیشنل سالیسٹر جنرلز وِشال شرما اور ٹی ایم شمسی ، ایڈیشنل سیکرٹری قانون آشیش گپتا ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرلز ایس ایس نندا اور ایم کے بھاردواج کے علاوہ جے کے بار ایسو سی ایشن کے صدر اور ممبران موجود تھے۔
 

پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے جے کے ہاﺅس میںسلامی لی

نئی دہلی//پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر جے اینڈ کے بپل پاٹھک نے 73ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر جے اینڈ کے ہاﺅس ،5 پرتھوی راج روڈ، نئی دہلی میں قومی جھنڈا لہرایا۔اِس موقعہ پر جموںوکشمیرآرمڈ پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔انہوں نے اس موقع پر کہا ” یہ ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یادکرنے کا دِن ہے جنہوں نے ہماری قوم کے وَقار کے لئے اَپنی جانیں نچھاور کیں “۔انہوں نے کثرت میں وحدت اور سا لمیت کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دِن ہے جس دِن ہندوستان کے آئین کو اَپنایا گیا ہے اور ہمارا ملک سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت کے طور پر اُبھرا ہے۔بعد میں پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے جموںوکشمیر ہاﺅس کے اَفسران اورملازمین سے بات چیت کی اور اَفسران کو توصیفی اَسناد سے نوازا۔
 

آئی ٹی بی پی اہلکاروں نے لداخ میں ترنگا لہرایا

سرینگر//آئی ٹی بی پی اہلکاروں نے 15 ہزارفٹ کی بلندی پر منفی 40 ڈگری درجہ حرارت میں یوم جمہوریہ منایا۔انڈین تبت بارڈ پولیس لداخ میں سطح سمندر سے 15ہزار فٹ پر واقع سرحد پر یوم جمہوریہ کے حوالے سے تقریب منعقد کی اور 35ڈگری منفی درجہ حرارت میں اہلکاروں نے ترنگا لہرایا اور سلامی پیش کی ۔ دریں اثناءآئی ٹی بی پی کے 18 اہلکاروں کو پولیس میڈل سے نوازا گیا۔یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندچین سرحد پر تعینات انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے 18 سپاہیوں کو ان کی بہادری کا صلہ دیا گیا۔ ان میں سے تین جوانوں کو پی ایم جی، تین جوانوں کو امتیازی خدمات کے لیے صدر پولیس میڈل اور شاندار خدمات کے لیے 12 جوان کوپولیس میڈل سے نوازا گیا۔پی ایم جی ایوارڈ اسسٹنٹ کمانڈنٹ اشوک کمار، انسپکٹر سریش لال اور نیلا سنگھ کی ٹیم کو پیش کیا گیا۔ 2018 میں، اس نے چھتیس گڑھ کے راج ناندگاو¿ں ضلع میں نکسلیوں کے حملے کو روکا تھا۔ اس کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی انسپکٹر اجے پال سنگھ، ڈی آئی جی رماکانت شرما اور جی سی اپادھیائے کو نمایاں خدمات پر نوازا گیا۔سی این آئی
 

کنگن میں بی ڈی سی چیئرمین نے سلامی لی

غلام نبی رینہ
کنگن// کنگن میں آئی ٹی آئی کالج میں بی ڈی سی چیئرمین کنگن نے پرچم کشائی کی اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی جبکہ گنڈ میں بی ڈی او دفتر میں بی ڈی سی چیئرمین گنڈ مولوی محمد رفیق نے پرچم کشائی کی اور مارچ ماسٹ پر سلامی لی۔ اس موقع پر تقریب میں سیول اور پولیس انتظامیہ کے افسران موجود تھے ۔
 

گرلز ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول کولگام کو ایوارڈ سے سرفراز

سرینگر//یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر ضلع کولگام میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن کولگام محمد افضل پرے نے ترنگا لہرایا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کولگام، ایس ایس پی کولگام اور ضلع کے تمام آفسروں اور ذی عزت شہری، اسکولی طالبہ و طالبات، پولیس اور نیم فوجی دستوں نے اس تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر ڈی ڈی سی نے بہت سے ملازمین کو اعزازات سے نوازاگیا، وہیں گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول کولگام نے اس سال کے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی پر انعامات حاصل کئے۔ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کی طرف سے نصابی سرگرمیوں میں بہترین اسکول یادگار، فاروق احمد وانی فزیکل ایجوکیشن کیلئے بہترین استادعصمت فاروق دیا گیا۔ ثقافتی پروگرام میں GMHSS کولگام کو دوسری پوزیشن یوٹی سطح پر لمبی دوڑ میں 11ویں کلاس کی طالبہ سفینہ منظور کو ، 11ویں جماعت مہوین مبارک کو صوبائی سطح کے پینٹنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن کے لیے ایوارڈملا۔ مصباح ایوب 11ویں جماعت کے طالب علم کوصوبائی سطح کی مضمون نویسی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ ملا۔ ان انعامات پر محکمہ تعلیم کے ملازمین کے ساتھ ساتھ علاقے کے لوگوں نے بھی پورے اسکول عملے کو مبارکباد پیش کی۔کے این ایس
 

 پلوامہ میں سوشل فارسٹری کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز

سرینگر//یوم جمہوریہ کے موقع پر پلوامہ میں محکمہ سوشل فارسٹری کی جانب سے شجرکاری مہم کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بی ڈی سی چیئرمین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کاکہ پورہ میں بی ڈی سی چیئرمین کاکہ پورہ عمر جان نے ڈی ایف او سوشل فارسٹری پلوامہ منظور احمد اور رینج افسر محمد شفیع لالہ کے علاوہ دیگر ملازمین کی موجودگی میں کیا۔ شجرکاری کو فروغ دینے کے سلسلے میں گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول کاکہ پورہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں محکمہ سوشل فارسٹری کے ملازمین کے علاوہ سکول کے کئی اسٹاف ممبران بھی موجود تھے۔ بی ڈی سی چیئرمین نے شجرکاری کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شجرکاری ایک نیک عمل ہے اور ہر ایک کو اس نیک کام میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے محکمہ سوشل فارسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنچوں، سرپنچوں کے علاوہ ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ایک شخص کو شجرکاری میں حصہ لینا چاہئے تاکہ ضلع پلوامہ کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکے۔رینج آفیسر محمد شفیع نے کہا کہ مختلف پنچایت حلقوں میں شجرکاری کی مہم شدومد سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال پانچ ہزار پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔کے این ایس
 
 

پولیس لائنز شوپیان میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے سلامی لی

شاہد ٹاک
 شوپیان// شوپیان میں یوم جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ضلع میں سب سے بڑی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں انجام دی گئی جہاں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئرپرسن بلقیسہ جان نے پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور کالجوں سے وابستہ طلبہ و طالبات نے ان تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔پولیس، ہوم گارڈ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، فارسٹ پرویٹکشن فورس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے پریڈ میں حصہ لیا۔اس دوران پولیس کے دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا اور سلامی پیش کی۔مختلف کالجوں اور اسکولوں سے آئے طلبہ وطالبات نے رنگا رنگ اور تمدنی پروگرام پیش کرکے حاضرین کے دل موہ لئے۔ تقریبات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ وطالبات کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والے کئی پولیس و سیول انتظامیہ کے افسران کو انعامات سے نوازا گیا۔پریڈ میں جموں وکشمیر پولیس، سی آر پی ایف، ڈسٹرکٹ پولیس بینڈ ، این سی سی کیڈٹز، فارسٹ ڈپارٹمنٹ کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے حصہ لیا۔اس موقع پر محکمہ اطلاعات اور سکولی بچوں نے تمدنی پروگرام بھی پیش کئے۔
 

سوپور میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام 

غلام محمد
سوپور//پولس ضلع سوپور میں 73 واں یوم جمہوریہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جس میں ہر تھانے/پولیس اسٹیبلشمنٹ پر ترنگا لہرایا گیا اور خوشحال اسپورٹس اسٹیڈیم سوپور میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں بی ڈی سی کی چیئرپرسن سوپور ڈاکٹر فریدہ خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سوپور سدھانشو ورما، ڈی وائی ایس پی ایچ کیو آر ایس ڈار اور ایس ڈی پی او رفیع آباد امین بٹ کے علاوہ سول انتظامیہ/ محکمہ پولیس اور پیرا ملٹری کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔اس کے علاوہ رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے اور مہمان خصوصی کی طرف سے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دئیے گئے۔
 

گلمرگ میں رنگا رنگ پروگرام

مشتاق الحسن
 ٹنگمرگ//سب ڈویژن ٹنگمرگ میں چیف ایگزکیٹو افسر گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر ظہور احمد رینہ نے ترنگا لہرانے کے علاوہ مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب پر پولیس حکام کے علاوہ دیگر سرکاری افسران کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر کلچرپروگراموں کے علاوہ مختلف اسکولوں سے وابستہ بچوں نے رنگارنگ پروگرام پیش کرکے حاظرین سے داد حاصل کی۔پروگرام کے اختتام پر مختلف محکموں کے ملازمین کو بہترین کارکرگی کیلئے توصیفی اسنادسے نواز گیا۔ادھر ٹریڈرس ایسوسی ایشن ٹنگمرگ کے صدر آصف رشیدجان نے ٹنگمرگ بازار کی صفائی ستھرائی پر مامورکرمچاریوں کو نقد انعام سے نواز کر ان کی تحصیل انتظامیہ کی موجودگی میں حوصلہ افزائی کی ۔
 
 

بانڈی پورہ ضلع میں کئی تقاریب کا انعقاد

عازم جان 
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے شیرکشمیر سٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد کی گئی جہاںچیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل عبدالغنی بٹ نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد، ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد، نائب چیئرمین ڈی ڈی سی بانڈی پورہ کوثر شفیق ،اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ علی افسر خان، اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، ایڈیشنل ایس پی محمد عاشق ٹاک اورفوج و سی آر پی ایف افسران کے علاوہ ضلع کے دیگر افسران موجود تھے۔ اس دوران رنگارنگ کلچرل پروگرام پیش کئے گئے ۔چیئرمین ڈی ڈی سی بانڈی پورہ عبدالغنی بٹ نے تعمیر و ترقی کاخاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانڈی پورہ ضلع میں نمایاں طور پر ترقیاتی منصوبوں کو عملایا گیا ۔چنانچہ سوناواری تحصیل ہیڈکواٹر اور گریز تحصیل ہیڈکواٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران ایس ڈی ایم نے ترنگا لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی ۔ ڈگری کالج بانڈی پورہ اور گریز کے منی سیکریٹریٹ میں بھی ترنگا لہرایا گیا اور سلامی لی گئی ۔بانڈی پورہ ضلع عدالت میں بھی ترنگا لہرانے کی تقریب منعقد کی گئی ۔
 

 کشمیر یونیورسٹی میں وائس چانسلرنے قومی پرچم لہرایا

سرینگر//کشمیر یونیورسٹی میں بدھ کو قومی پرچم لہرانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کی، جس کا اہتمام ملک کے 73ویں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے کیا گیا تھا۔وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے احاطے میں پرچم کشائی کی تقریب میں فیکلٹی ممبران، افسران اور نان ٹیچنگ سٹاف کے ارکان نے شرکت کی۔قومی ترانہ بھی گایا گیا جب وائس چانسلر نے قومی پرچم لہرایا۔جموں و کشمیر پولیس کے دستے کی طرف سے ایک رسمی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے یوم جمہوریہ کی تقریبات کی اہمیت کے ساتھ ساتھ ملک کے آئین کے اہم نکات پر بھی روشنی ڈالی۔
 

جی او سی چنار کور نے جنگی یادگار پر پھول چڑھائے

سرینگر// یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے چنار کور کی جنگی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر مہلوک فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جی او سی نے کہا کہ آئین کو برقرار رکھنا چنار کور کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے تمام صفوں کو لگن، عزم اور قربانیوں سے تحریک لینے اور مستقبل کے تمام چیلنجوں کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو قوم کیلئے ان کی شاندار خدمات پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔ جی او سی نے تمام رینکس، سابق فوجیوں، دفاعی سویلین ملازمین اور چنار کے اہل خانہ کیلئے مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
 
 

شوپیان میں 150فٹ لمبا ترنگا لہرایا گیا

آرمی گڈ وِل اسکول پلوامہ میں جشن

شاہد ٹاک
 
شوپیان//شوپیان میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے دوران سب سے لمبا ترنگا لہرایا گیاجس کی لمبائی 150 فٹ تھی۔یہ کام گلمرگ میں تعینات فوج کی جانب سے کیاگیا۔ یوم جمہوریہ کے موقع پرپرچم کشائی 15 ویںکورکے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کیا۔اس تقریب پر سیول انتظامیہ کے اعلی افسران، جموں وکشمیر پولیس شمالی کشمیر ڈی آئی جی اور فوج کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود رہے۔ تقریب میں جموں وکشمیر کے سابق فوجیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔اس دوران 15 ویںکور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے بتایا کہ آے روز وادی کشمیر میں جنگجوئیت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ان نوجوانوں کو گھر واپس لوٹنے کی اپیل کررہے ہیں جنہوں نے عسکری تنظیموں میں شمولیت کی ہے۔دریں اثناءپلوامہ ضلع کے اہگام علاقے میں قائم آرمی گوڈ ول اسکول میں 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز کی طرف سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کافی تعداد میں اسکولی بچوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی اور جشن منایا۔ تقریب کا افتتاح پرچم لہرا کر کیا گیا۔ تقریب کے دوران محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے اور اس دوران ماحول کے تحفظ کیلئے شجر کاری بھی کی گئی۔تقریب میں اسکولی بچوں نے کئی رنگا رنگ وثقافتی پروگرام پیش کیے گئے جنہیں بعد میں فوج نے انعامات سے نوازا۔اس دوران فوج نے بچوں میں مٹھیاں تقسیم کیں۔