کشمیر حل کیلئے بھاجپا سے مفاہمت کی تھی این سی کے 12ہزار ایف آئی واپس لئے:محبوبہ

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ہم نے بی جے پی کے ساتھ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے ہاتھ ملایا تھا۔ انہوں نے کہا ہم نے بی جے پی کے ساتھ رہ کر بھی کشمیریوں کا ایجنڈاچلایا جبکہ نیشنل کانفرنس نے اپنے وقت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایجنڈا چلایا ۔ ترال بس سٹینڈ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہاکہ این سی نے سال1987ء میں اقتدار کے ہوس میں یہاں کے انتخابات میں چوری اوریہاں کے نوجوان کو بندوق اٹھا نے پر مجبور کیا ، جس کی وجہ سے یہاں قبرستان آباد ہوئے ، یتیموں کی فوج تیار ہوئی۔ان سب چیزوں کو دیکھ کر مفتی محمد سعید نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا ۔

 

محبوبہ مفتی نے کہا کہ جب پی ڈی پی سرکار تھی تو کٹھوعہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا،میں نے کارروائی کر کے بی جے پی کے دو منسٹروں کو خارج کیا لیکن جب این سی کی حکومت تھی، شوپیان میں ایک واقعہ پیش آیا اور عمر عبد اللہ نے وہاں متاثرین کے خلاف ہی کارروائی کی ۔ محبوبہ مفتی نے کہاعمر عبد اللہ1999ء میںبی جے پی میں منسٹر تھے تو سب سے پہلے یہاں پوٹالایا، نوجوانوں کو جیل بیج دیا ۔ دنیا کو بتایا کہ جموںو کشمیر کوئی مسئلہ نہیں ہے وہاں دہشت گردی ہے اور پاکستان پر بم گرادو مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا جب ہم نے سرکار بنائی تو12000ہزار نوجوانوں کے ایف آئی آر واپس لئے ، جو نیشنل کانفرنس نے نوجوانوں کے خلاف دائر کئے تھے، حریت کو خط لکھا کہ بی جے پی کا ایک اعلی سطحی وفد یہاں آرہا ہے تو حریت والوں نے ان کا دروازہ بند رکھا ، سیز فائر کروایا ، ملی ٹینٹوں نے مانانہیں۔