جموں// کشمیر میں مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے کشمیری پنڈت ملازمین جموں میں تعیناتی کے مطالبے کو لے کر مسلسل بر سر احتجاج ہیں۔احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ہمارے تحفظ کے لئے ایک ٹھوس پالیسی مرتب نہیں کرے گی تب تک ہمیں کشمیر کے باہر محفوظ مقامات پر تعینات کیا جائے۔احتجاجی جمعے کے روز بھی جموں میں احتجاج کر رہے تھے انہوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی بھی کر رہے تھے۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک ماہ سے ہم احتجاج کر رہے ہیں یہاں بھی اور کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جو حالات ہیں گذشتہ ڈیڑھ برس کے دوران 18 ہندوؤں کو مارا گیا۔ان کا کہنا تھا اس کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ ہمیں کشمیر کے باہر جموں میں محفوظ مقامات پر تعینات کیا جائے۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ جب تک حکومت کے پاس ہمارے تحفظ کے لئے ایک ٹھوس پالیسی نہیں ہوگی ہم تب تک واپس کشمیر نہیں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی جینے کا حق ہے ہماری جانیں بچائی جائیں۔ایک اور احتجاجی نیکہا کہ جب کشمیر میں دفتر میں جا کر لوگوں کو مارا جاتا ہے تو اس سے وہاں کی صورتحال خود ہی معلوم ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سال2016 میں بھی ایسے حالات نہیں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں جموں میں تعینات کیا جائے۔