کشمیری نوجوانوں کو جھوٹ کے ذریعے سخت گیر بنایا جارہا ہے: فوجی سربراہ

سرینگر/فوجی سربراہ بپن رائوت نے بدھ کو کہا کہ عسکریت جنگ کی نئی صورت بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت لگاتار پھیل رہی ہے اور تب تک پھیلتی جائے گی جب تک ملک اس کو پالیسی کے طور استعمال کرتے رہیں گے۔

خبر رساں ادارے، پی ٹی آئی کے مطابق ایک پینل مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے فوجی سربراہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سخت گیری پھیلانے کا مؤجب بن رہا ہے۔

رائوت نے کہا'' بھارت میں الگ قسم کی سخت گیری دیکھی جارہی ہے اور جموں کشمیر کے نوجوانوں کو غلط اطلاعات، غلط انفارمیشن اور مذہب کے بارے میں جھوٹ پھیلا کرسخت گیر بنایا جارہا ہے''۔

انہوں نے کہا''یہی وجہ ہے کہ جموں کشمیر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ تعلیم یافتہ نوجوان عسکریت میں شامل ہورہے ہیں۔''

فوجی چیف نے مزید کہا'' عسکریت تب تک موجود رہے گی جب تک ملک اس کو اپنی پالیسی کے طور استعمال کرتے رہیں گے''۔

انہوں نے مزید کہا ''عسکریت جنگ کی نئی صورت بن گئی ہے۔ ایک کمزور ملک اس کا درپرہ استعمال کرکے دوسرے ملک کو اس کے ساتھ معاملات کرنے کیلئے دبائو ڈالتا ہے''۔

 انہوں نے افغانستان امن عمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے ساتھ کسی شرط کے بغیر بات چیت ہونی چاہئے۔