کشمیری شال فروش پنجاب میں لٹ گئے

 سرینگر//پنجاب کے ضلع جالندھر کے ادھم پورعلاقے میں نامعلوم افراد نے کشمیری شال فروشوں کے ایک کرائے کے کمرے سے پانچ لاکھ روپے سے زائد مالیت کے شال اور نقدی اڑالیا ۔ ضلع کپوارہ کے چندیگام لولاب علاقے سے تعلق رکھنے والے والے کئی نوجوان روز گار کمانے کے لئے بیرون ریاست گئے تھے جہاں ان کے گھر آنے سے قبل ایک روز ان کے کرایہ کے کمرے میں نقب زنوں نے نقب لگاکر4لاکھ47ہزار اورشال کی ایک بڑی تعداد اڑالی ۔انہوں نے بتایاکہ یہ واقعہ ان شال فروشوں کے وادی واپس نکل جانے سے ایک دن پہلے پیش آیا۔واقعے کے بارے میںمتاثرین میں شامل ارشاد احمد نے فون پر بتایا کہ ان کی غیر موجودگی میں کمرے میں نقب زن داخل ہوئے ہیں اور نہ صرف 50ہزارروپے کے شال بلکہ 4.75 لاکھ روپے کی نقدی بھی اڑا لی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ایک نقب زن کو شال لیکر کمرے سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن اس کا چہرہ صاف نہیں دکھائی دے رہا ہے ۔یہ واقعہ دن کی روشنی میں پیش آیا۔ کمرے میں موجود سب کچھ اڑالیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ’’ ہم نے نقدی اس تھیلے میں ڈال دی تھی جو چند شال فروشوں کا تھا۔ گھر جانے سے پہلے، ہم مقامی تاجروں کے ساتھ حساب کرنے گئے تھے‘‘ ۔انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس سے رابطہ کیا گیاجنہوں نے یقین دلایا کہ چوری کی واردات کو حل کر لیا جائے گا۔ ارشاد احمد نے کہا’’ہم ختم ہو چکے ہیں کیونکہ ہم نے اس سیزن میں جو کچھ کمایا تھا وہ سب کھو دیا ہے‘‘۔متاثرین نے جموں و کشمیر سول اور پولیس انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور ادھم پور پولیس کو مجرموں کو پکڑنے پر زور دیں۔ادھم پور پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی ہے اورایک چور کو شالوں کے ساتھ کمرے سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن اس کا چہرہ واضح نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا’’ہم واقع کی تحقیقات کر رہے ہیں اور امید ہے کہ مجرموں کی شناخت کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جائے گا‘‘۔(کے این ایس)