خورشید ایک گنائی
از راہ مذاق ہم کشمیری اکثر بخشی صاحب کے مشہورقول (بڑے پیمانے پر اُ ن سے منسوب کیاجاتا ہے) کا استعمال کرتے ہیں جب اُن سے پوچھا گیا کہ جموں و کشمیر کی 40 لاکھ آبادی میں سے انہیں اۃس وقت (1953 کے آس پاس) کتنی حمایت حاصل ہے اور کتنی حمایت جیل میںنظر بند شیخ صاحب کوحاصل ہے،اُن کا مشہور جواب تھا کہ 40 لاکھ میرے ساتھ ہیں اور 40 لاکھ شیخ صاحب کے ساتھ بھی ہیں۔
کشمیر سے باہربیشتر لوگ اور کشمیر کے اندر بھی بہت سے ناواقف لوگ اس پہیلی کو نہیں سمجھ سکتے۔ اس سے بخشی صاحب کا مطلب یہ تھا کہ کشمیری فطرت اور مزاج کے اعتبار سے کسی بھی نظریے سے بالاتر ہوکر سرپرستی اور فوائد حاصل کرنے کیلئے اقتدار میں رہنے والے شخص یا پارٹی کے ساتھ رہنا پسند کرتے ہیں۔
موجودہ دور کے ’’کشمیر کے اقتدار سے باہر سیاست دانوں‘‘سے جب نجی طور پر برسر اقتدار پارٹی کے جلسوں میں بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت کی وجوہات پوچھتے ہیں تووہ بھی یہی کہتے ہیں۔ مذاق ایک طرف چھوڑ کرکشمیریوں میں سمجھدار لوگ اسے ایک اوسط کشمیری کی شخصیت میں ایک بے ترتیبی کے طور پر دیکھتے ہیں، جو کہ بہت سے دوسرے معاشروں میں غیر معمولی ہے جہاں لوگ اپنی سیاسی وابستگیوں اور وفاداریوں کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
ایک اور عام خصلت ہے (حالانکہ اب کم ہورہی ہے) جس کا اکثر حکومتی حلقوں میں تب چرچا ہوتاتھا، وہ ہے ٹیکس ادا ئیگی یا سروس چارجز جیسے بجلی کے بل وغیرہ ادا کرنے سے گریز کرنا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ خصوصیت پچاس کی دہائی کے وسط میں حکومتوں کی سرپرستی میں سبسڈی کلچر کی وجہ سے پیدا ہوئی تھی تاکہ لوگوں کو خوش اور احتجاج اور ایجی ٹیشن سے دور رکھا جا سکے۔ یہاں کے سیاست دانوں نے لوگوں کو حکومت پر ضرورت سے زیادہ انحصار کرنے یا بعض اوقات غیر معقول مطالبات کرنے کی اس ذہنیت سے نکالنے کیلئے کچھ کام نہیں کیا ہے اور نہ ہی آنے والے برسوں کے دوران مستقل بنیادوں پر ایک ایسا کلچر بنانے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش کی گئی جس میں لوگ بطور صارف حکومت کو ٹیکس اور سروس چارجز آسانی سے ادا کریں۔ یقینامختلف اوقات میں یہاں اور وہاں کوششیں کی گئی ہوں گی لیکن بظاہر مستقل بنیادوں پرایسی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔
کچھ دن پہلے، میڈیا نے سری نگر میں محکمہ برقیات کی جانب سے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف خواتین کے مظاہروں کے بارے میں خبریں شائع کیں۔ اس طرح کے احتجاج ممکنہ طور پر معمول بن چکے ہیں۔ اتفاقاًبجلی کی ترسیل میں جموں و کشمیر کے مجموعی تکنیکی اور تجارتی نقصانات، بنیادی طور پر بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اب بھی ملک میں سب سے زیادہ ہیں۔ تقریباً ڈیڑھ دہائی پہلے یہ 65 فیصد سے زیادہ ہوا کرتا تھا اور ریاستی حکومت کیلئے شرمندگی کا باعث بنتاتھا جب ریاستی حکومت کے اخراجات کو پورا کرنے کیلئے مرکزی حکومت سے اضافی مالی امداد کی التجا کی جاتی تھی۔ بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہ کرنے کی اس منفی شہرت کے ساتھ ساتھ ملک میں سب سے زیادہ بجلی کے نقصانات کی وجہ سے بلوں کی عدم ادائیگی اور بجلی کی چوری کے منفی امتیاز سے چھٹکارا پانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ بجلی محکمے کی حالیہ تنظیم نو اور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کیلئے الگ الگ اداروںکے قیام کے بعد چیزوں میں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے ٹیرف/بلوں کی وصولی سمیت نظام میں کافی حد تک سدھار پیدا ہواہے۔ لوگوں کو پیش کردہ خدمات کیلئے ادائیگی کرنے کی ترغیب دینے کے لئے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اور کیوں نہیں کیونکہ یہ منصفانہ اور درست کام ہے۔ بلاشبہ حکومت صارفین یا کسانوں میں سے غریب ترین افراد کو ان کا بوجھ کم کرنے کیلئے رعایتیں دینے کیلئے آزاد ہے، جیسا کہ کچھ دوسری ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوںمیں کیا جا رہا ہے لیکن ٹیکس کی ادائیگی اور حاصل کردہ خدمات کیلئے ادائیگی ضرور کی جانی چاہئے کیونکہ یہ کسی بھی مہذب اور خود انحصار معاشرے کی بنیادی بات ہے۔
ایک چھوٹا جغرافیائی اور سماجی وجود رکھنے کے ناطے کشمیر میں سیاست کا سماجی رویے پر کافی اثر رہا ہے۔ سیاست کا معیار بہتر ہوگا تو معاشرتی رویے اور ردعمل بھی بہتر ہوگا۔ یہ وہ دور ہے جب سول سوسائٹی کے ذمہ دارگروپ، ماہرین تعلیم، دانشور، فنکار، این جی اوز سماجی کردار اور رویے کی تشکیل پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔ سول سوسائٹی کا جزو عملاً غائب ہے حالانکہ کشمیر نے فنکار، شاعر، ادیب، ماہرین تعلیم، سائنس داں جیسے مختلف شعبوں میں بہت سے نامور مرد و خواتین پیدا کیے ہیں اور اب بھی اعلیٰ صلاحیتوں اور ذہانت کے حامل مرد و خواتین پیدا کر رہاہے۔
لیکن تیرہویں صدی کے آخر اور چودھویں صدی میں کشمیر میں اسلام آنے کے بعد رواداری اور اعتدال پسند اسلام کی تبلیغ میں صوفی سنتوں اور ان کے کام کو چھوڑ کر کشمیر نے بعد میں بنگال اور باقی ہندوستان میں انیسویں صدی کی سماجی اور مذہبی اصلاحی تحریکوں کے برعکس کوئی قابل ذکر سماجی اور مذہبی اصلاحی تحریکیں نہیں دیکھی تھیں ۔
ہندوستان کی تاریخ میں انیسویں صدی کی سماجی اصلاح کی تحریکیں جیسے برہمو سماج، راما کرشنا مشن، آریہ سماج، علی گڑھ تحریک برائے کوانگی مسلمانان وغیرہ کا تذکرہ نمایاں طور پر کیا جاتا ہے لیکن انیسویں صدی کے دوران، اس سے پہلے یا بعد میں کشمیر میں کوئی قابل ذکر اصلاحی تحریک یاد نہیں آتی۔ اس کیلئے دو وجوہات ذہن میں آتی ہیں۔ایک یہ کہ معاشرہ پہلے ہی جابرانہ مطلق العنان حکمرانی کا شکار تھا اور شدید غریبی کا شکار تھا اور اس لئے عام لوگوں کیلئے سماجی مسائل کے بجائے معاشی مسائل زیادہ اہم تھے۔ دوم، ان حالات میں جب جبری مشقت (بیگار) کا سہارا نافرمانی اور مطلق العنان حکم کے ساتھ عدم مطابقت کی سزا کے طور پر لیا جاتا تھا، وہاں سماجی اصلاح کیلئے سرگرمی کی بہت کم گنجائش ہوتی۔
1990 میں کشمیری پنڈت برادری اور دیگر اقلیتی گروہوں کی ہجرت سے قبل کشمیر کا معاشرہ اپنے آپ سے زیادہ پرامن تھا جب یہ متنوع تھا۔ مارچ۔اپریل 1986 میں جنوبی کشمیر میں مندروں کو نقصان پہنچانے کے واقعات، اگرچہ بڑے پیمانے پر نہیں تھے، اور اس کے نتیجے میں عدم تحفظ کے احساس نے کشمیری پنڈت برادری کو اپنی لپیٹ میں لے لیاجس نے کشمیر میں کئی مقامات پر مندروں اور پنڈت بستیوںکو پولیس تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ تاہم جی ایم شاہ حکومت کا تختہ پلٹنے اور اپریل 1986 میں گورنر راج کے نفاذ نے انتظامیہ کو ایک اور گیئر میں ڈال دیا اور حالات تیزی سے معمول پر آ گئے۔ لیکن اس کے بعد بھی یہ ظاہر ہوا کہ کشمیری پنڈتوں کے جذبات ایسے واقعات سے مجروح ہوئے جیسے ماضی قریب میں پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے، جس نے اکثریتی برادری کے تئیں عدم اعتماد کو جنم دیا۔ اس کے چار سال بعدہجرت نے بے اعتمادی میں اضافہ کیا ہوگا۔
مہاجر پنڈتوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنا، ان میں سے جو دوبارہ کشمیر میںآباد ہونا چاہتے ہیں، ایک چیلنج ہے لیکن اس کثیر اور جامع معاشرے کی تعمیر نو کیلئے ضروری ہے جس پر دونوں کشمیری مذہبی برادریوں کو فخر تھا اور جو یقینی طور پر پو رے برصغیر کے مسلمان اور ہندوؤں کے مابین پرامن بقائے باہمی کی بہترین مثال تھی ۔ 1947 کی تقسیم کے دنوں میں یہاں کوئی خونریزی نہیں ہوئی اور گاندھی کو کشمیر سے امید کی واحد کرن نظر آئی۔
مسابقتی سیاست اور خلل ڈالنے کے مقامی خطرات کی عدم موجودگی میں 8ویں محرم کا جلوس گروبازار سے ڈلگیٹ براستہ بڈشاہ چوک اس سال تین دہائیوں کے بعد ممکن ہوا۔حالانکہ کشمیر میں شیعہ اور سنی صدیوں سے پرامن طور پر ایک ساتھ رہے ہیں اور دونوں کو تقسیم کرنے والا کوئی سنگین مسئلہ کبھی نہیں تھا۔ اس ہم آہنگی اور اتحاد کو سیاست کے بغیر محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔
جموں و کشمیر کے انتظامی نظاموں میں نظامی بہتری کے لحاظ سے، ایسا لگتا ہے کہ حال ہی میں یوٹی انتظامیہ کی طرف سے کچھ مثبت تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ ای۔آفس اور ڈیجیٹائزیشن نے پیچیدہ سرکاری عمل کو آسان بنا دیا ہے اور ای گورننس نے سینکڑوں خدمات آن لائن دستیاب کر دی ہیں اس طرح فائلوں کا پیچھا کرنے یا سرکاری افسران سے ملاقات کیلئے بار بار سرکاری دفاتر جانے کی ضرورت کو ختم کر دیا گیاہے۔ تاہم، عام لوگوں میں راحت کے احساس کا عنصر میڈیا کے ذریعے ہر دوسرے دن تبدیلیوں کے بارے میں جو کچھ پڑھنے اور جاننے کو ملتا ہے ،زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔ ابھی کیلئے ان اقدامات کی وجہ سے لوگوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات فراہم کرنے کی راہ میں جو رکاوٹیں ہیں، ان کی وجہ عام سروس سینٹروںکی محدود تعداد کی وجہ سے عام آدمی کیلئے آن لائن خدمات تک ناقص رسائی ،ایک عام انسان کا موبائل فون پر ایپس کے استعمال سے بخوبی واقف نہ ہونا، گیجٹس اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے مطلوبہ واقفیت نہ ہونااور بہت سے مقامات پر انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کا نہ ہونا ہوسکتی ہیں۔ متوقع طور پرحکومت میں روزانہ فیصلہ سازی میں صوابدیدی اختیارات کے بیجا استعمال کو ای آفس اور ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے لائی گئی شفافیت کی وجہ سے کافی حد تک کم یا بڑی حد تک ختم کر دیا گیا ہو گا۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ناقابل واپسی ہونا ہے۔ جموں و کشمیر سیکرٹریٹ مبینہ طور پر مکمل طور ای-آفس پر چلا یاجارہا ہے اور کاغذی فائلیں شاید ہی استعمال میں ہیں۔ اس سے، جیسا کہ دعویٰ کیا گیا ہے، ششماہی دربارموکی ضرورت کو ختم کر دیا ہے اور یوٹی کے خزانے میں 400 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ حکومت ہندمیں زیادہ تر وزارتیں اور محکمے پہلے ہی ای آفس میں منتقل ہو چکے ہیں اور کچھ مکمل طور پر پیپر لیس ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر دیگر ریاستوں اور یوٹیز کے بارے میں بھی یہی سچ ہے لیکن اس سلسلے میں ملک میں جموںوکشمیرکی درجہ بندی سب سے اوپر ہے۔ اسے ضلع کی سطح تک گڈ گورننس انڈیکس (GGI) بنانے کا منفرد اعزاز حاصل ہے اورشاید یہ واحد مرکز کے زیر انتظام علاقہ یا ریاست ہے جہاں ایسا ہوا ہے۔جموں و کشمیر میں پرانے سیاست دان جمہوری طور پر منتخب حکومت کے عہدہ سنبھالنے کے بعد انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کے زیر اثر ای آفس کے بدلے ہوئے کام کے نظام میں آسانی سے یا خوشی سے ایڈجسٹ نہیں ہوسکتے ہیں۔ لہٰذا، انہیں اپنی تنظیموں میں ہونہار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو فروغ دینے کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ بہت سے نوجوان پہلے ہی ٹیک سیوی ہوں گے یا انہیں نئے نظاموں میں فٹ ہونے کیلئے ٹیک سیوی بننے کی تربیت دی جا سکتی ہے۔ جموں و کشمیر کیلئے انتہائی باصلاحیت، روشن اور پرعزم سیاسی قیادت کا حصول سیاسی اور سماجی استحکام اور عوامی فلاح کیلئے عین ضروری ہے۔
اوپر ظاہر کی گئی آراء کا مقصد کشمیر میں سماجی رویے کے وسیع نمونے کو سمجھنے میں مدد کرنا ہے۔گوکہ کچھ معاملات میں مثبت تبدیلیاں بھی ہو رہی ہیں، مثال کے طور پر، زمینی قوانین کی بہتر تعمیل، سیاسی طور پر غیر جانبدار ای گورننس پورٹلز کے ذریعے سرکاری خدمات تک رسائی، ترجیحی سلوک کی سرپرستی کے تقریباً خاتمہ کی حقیقت قبول کرنا اور ان اقدامات کی وجہ سے بدعنوانی میں کمی، حکومت کے شہری صارفین کے طور پر حقوق کے بارے میں مزید آگاہی وغیرہ وغیرہ۔
بحث، مکالمے اور جمہوریت کے ساتھ ذمہ دارانہ سیاست، جدید تعلیم اور سول سوسائٹی کے چھوٹے اور بڑے گروپوں کی طرف سے سماجی طور پر ہدایت یافتہ اصلاحاتی اقدامات، بڑی اکثریت میں صحت مند سماجی رویے اور سائنسی مزاج کو جنم دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔ کشمیری ایک تیز سیکھنے والا ہے اور اگر اسے سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو کشمیر کا معاشرہ درست سمت میں بدل جائے گااورترقی کرے گا۔
(خورشید احمد گنائی جموں وکشمیرکیڈر کے سابق آئی اے ایس افسر اور گورنر کے سابق مشیر ہیں۔)
ای میل۔[email protected]
(نوٹ۔ اس مضمون میں ظاہر کی گئی آراء مضمون نگار کی خالصتاً اپنی ہیں اور انہیں کسی بھی طور کشمیر عظمیٰ سے منسوب نہیں کیاجاناچاہئے۔)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔