عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//کشمیر کے میدانی علاقوںمیں شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج بہتری آنے کے بیچ موسمیاتی مرکز سری نگرنے21فروری تک کسی بڑی موسمی سرگرمی سے انکارکیاہے ،تاہم کہاہے کہ اگلے 9دنوںکے دوران موسم عام طور پر خشک رہنے کے بیچ کبھی کبھار کہیں کہیں ہلکی بارش وبرفباری کا امکان ہے۔ بدھ کے روز کشمیروادی میں زیادہ وقت دھوپ نکلی ،جسکے باعث دن کا درجہ حرارت بہتر رہا۔ موسمیاتی مرکز سری نگر نے بتایاکہ منگل کو کئی علاقوںمیں ہلکی بارش وبرف باری کے بعد رات کے وقت سری نگرسمیت کشمیر کے میدانی علاقوںمیں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپرریکارڈکیا گیا لیکن گلمرگ (منفی7.5ڈگری) ،پہلگام (منفی 3.0ڈگری) ،سونہ مرگ (منفی 8.3ڈگری) اور شوپیان (منفی 1.6ڈگری) میں شبانہ پارہ نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے اپنی جاری کردہ تازہ موسم کاری میں جانکاری دی کہ 12فروری کو مطلع جزوی طور پر ابر آلودرہنے کے بیچ الگ تھلگ جگہوں پر بہت ہلکی بارش وبرفباری کا امکان ہے ،تاہم 13سے15فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے ،جسکے نتیجے میں درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوسکتاہے ۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے مزید بتایاکہ 16،17،18،19،20اور21فروری کو مطلع جزوی طور پر ابر آلودرہنے کے بیچ مختلف علاقوںمیں الگ الگ دنوں اور اوقات پر ہلکی بارش وبرفباری کا امکان موجود ہے۔