کشتواڑ کے بالائی علاقوںمیں برفباری اورمیدانی علاقوں میں بارشیں

عاصف بٹ
 کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقہ جات میں جمعرات کو تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقہ جات میں بارشیں ہوئیں جس سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی جبکہ درجہ حرارت میں متواتر گراوٹ درج کی گئی اور لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال کیا۔بالائی علاقہ جات جن میںرگن سنتھن، نیگنشیرپر کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی۔ سنتھن ٹاپ پر تازہ برفباری کے بعدکشتواڑ اننت ناگ قومی شاہراہ آمدورفت کیلئے بندکردی گئی جسکے بعد سینکڑوں گاڑیوں کو واپس لوٹنا پڑا۔اس دوران فوج کو دوپہر 3 بجے کے قریب سول انتظامیہ کی طرف سے اطلاع ملی کہ 16شہری سنتھن پاس کے قریب کہیں شدید برف باری کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں۔ سنتھن میدان سے فوج کے اہلکاروں کی ایک ریسکیو ٹیم شہریوں کو بچانے کے لئے روانہ ہوئی۔ یہ ٹیم اس قومی شاہراہ پر تقریباً 15 کلومیٹر تک مسلسل برف باری کے دوران پیدل چل کر شام 6بجکر15منٹ پرسنتھن پاس کے قریب شہریوں کے پاس پہنچی۔ اس کے بعد انہیں سنتھن میدان میں اتارا جہاں انہیں دوا، خوراک اور رہائش فراہم کی گئی۔ ریسکیو آپریشن میں فوج کے جوانوں کی بروقت کارروائی سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔