کشتواڑ میں 376پولنگ پارٹیاں متعلقہ اسٹیشنوں کیلئے روانہ

کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے دو اسمبلی حلقوں کشتواڑ اور اندروال میں آج لوک سبھا کیلئے ہورہی پولنگ کیلئے 376پارٹیوںکو متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کیلئے روانہ کردیاگیاہے ۔ان پولنگ پارٹیوں کو ضلع الیکشن افسر انگریز سنگھ رانا کی قیادت میں اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنوں کیلئے روانہ کیاگیا ۔اس موقعہ پر دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔ ضلع الیکشن افسر نے بتایاکہ 177پولنگ پارٹیاں کشتواڑ حلقہ جبکہ بقیہ پولنگ پارٹیاں اندروال حلقہ کو روانہ کی گئی ہیں ۔انہوںنے مزید بتایاکہ مڑواہ، واڑون و دیگر دور دراز علاقوں کیلئے پہلے سے ہی پولنگ عملہ کو روانہ کردیاگیاتھا۔پولنگ عملے کی مدد کیلئے ای سی آئی ایل کے 26انجینئروں کو بھی کئی علاقوں میں بھیجاگیاہے ۔ضلع الیکشن افسر نے بتایاکہ اس دوران تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ پولنگ کے عمل کو احسن طریقہ سے مکمل کیاجاسکے ۔دریں اثناء پولنگ عملے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انگریز سنگھ رانا نے اس پر ایمانداری اور ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دینے پر زور دیا ۔بدھ کی صبح پولنگ عملے کیلئے ووٹنگ مشینیں و دیگر سامان دستیاب رکھاگیا۔کشتواڑ سے روانگی کے وقت پولنگ عملے کے ہمراہ سیکورٹی اہلکاران بھی تھے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع کشتواڑ لوک سبھا حلقہ اودھمپور میں آتاہے اور ضلع کے ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد رائے دہندگان آج ووٹنگ میں شرکت کریں گے ۔انتظامیہ کی طرف سے اسلامیہ فریدیہ ہائراسکینڈری سکول کشتواڑ میں خواتین کیلئے بھی پولنگ بوتھ قائم کیاگیاہے جس میں نہ صرف پولنگ عملہ بلکہ سیکورٹی عملہ بھی خواتین پر ہی مشتمل ہے ۔