عاصف بٹ
کشتواڑ//منگل کی شام ضلع کشتواڑ کے کوچھال علاقے میں رونما ہوئی آگ کی ہولناک واردات میں تین رہایشی مکانات ،دو دوکانیں و دو گائوخانے جل کر خاکستر ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق آگ کی واردات شام ساڑھے سات بجے کوچھال کے گنائی محلہ میں پیش آئی جب محمد عباس کی تین منزلہ عمارت سے آگ اچانک نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔علاقے کے سابق سرپنچ بشیر احمد نے بتایا کہ آگ عباس رینا کے تین منزلہ مکان سے نمودار ہوئی جہاں اسکے تین بیٹے رہایش پذیر تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے عبدالرشید رینا و عبدالرحمان رینا کے مکانات کو بھی خاکستر کردیا۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے بڑی مشقت کی لیکن کچھ بھی نہ بچا سکے۔ وہیں دو گائوخانوں کیساتھ ساتھ دو دوکانیں بھی جلکر مکمل طور خاکستر ہوئیں۔ یہ علاقہ سڑک سے ایک کلومیٹر دور ہے۔اگرچہ انتظامیہ نے فائر سروس کی گاڑیوں کو جائے موقعہ پر بھیجا لیکن سڑک سے کافی دور ہونے کے سبب فایرسروس وہاں نہ پہنچ سکا۔ مقامی لوگوں نے کڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا اور اسے مزید پھیلنے سے روک لیا۔