کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی واحد سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل آمدورفت کیلئے بندہے جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ مڑواہ ، واڑون و کشتواڑ کی عوام مسلسل اس شاہراہ کو کھولنے کی مانگ کررہی ہے لیکن باجود اسکے ابھی تک اسے کھولا نہیں گیا ہے۔اگرچہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے برف ہٹانے کا کام شروع کیا تھا اور اس شاہراہ کو بہت جلد کھولنے کے امکان تھے لیکن ابھی تک برف ہٹانے کا عمل مکمل نہ ہوسکا جس سے مڑواہ و واڑون کی 40000 ہزار آبادی سخت مشکلات سے دوچار ہورہی ہے۔لوگوںنے کہا کہ کشتواڑ-سنتھن سڑک کے ذریعے ڈوڈہ و کشتواڑ ضلع کو باقی دنیا کے ساتھ جوڑنے سے اس خطے میں رہنے والے لوگوں کی زندگی میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ڈوڈہ اور کشتواڑ کو باقی دنیا سے جوڑنے والے اس راستے کو بغیر کسی تاخیر کے کھول دیا جائے کیونکہ ڈوڈہ و کشتواڑ کے مریضوں کو سری نگر تک پہنچنے کا مختصر ترین راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشتواڑ ،ڈوڈہ، بٹوت،رام بن کے درمیان سڑک کو لینڈ سلائیڈ کے مسائل کا سامنا ہے جو دو اضلاع کے لیے ایک بہت بڑی تشویش ہے۔ اس سڑک کے کھلنے سے ان دونوں اضلاع میں مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی آمد ہو گی کیونکہ یہ دونوں راستے سیاحوں کے لیے پرکشش ہیں۔اس سڑک کو کھولنے سے سیاحتی یاترا کو بھی فروغ ملے گا کیونکہ ان دونوں اضلاع میں متعدد مذہبی مقامات واقع ہیں۔ متعلقہ محکمہ کو مذکورہ سڑک پر برف ہٹانے کے کام کو تیز کرنا چاہئے تاکہ شاہراہ کو آمدورفت کیلئے جلداز جلد بحال کیاجائے۔
کشتواڑ سنتھن قومی شاہراہ گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل بند | مڑواہ اور وارڈون کی عوام کو مشکلات کا سامنا،فوری بحالی کی مانگ
